کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے8ارب 75 کروڑ روپے فراہم کئے گئے‘ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 12 اگست 2014 15:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے صحت کے شعبہ کو 121ارب روپے اور تعلیم کے لئے274ارب روپے خرچ فراہم کئے گئے ہیں، ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ گزشتہ دور میں 75ہزار سکول ٹیچرز شفاف طریقے سے بھرتی کئے اور ایک لاکھ مزید سکول ٹیچرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہے تاکہ پنجاب میں100 فیصد خواندگی کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کی جانب سے 351ملین روپے کی امداد سے سرکاری سکولوں میں 15ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے صوبہ بھر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں اور ویکسین دی جاتی ہے ، حکومت اس پروگرام کے لئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جائے گی جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں،انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے فراہم کئے گئے۔