دھرنوں میں آزادی کے متوالے گیسٹرو کا شکار ہونے لگے

پیر 18 اگست 2014 14:31

دھرنوں میں آزادی کے متوالے گیسٹرو کا شکار ہونے لگے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) آزادی کے متوالے موسم کی سختی کے باعث بیمار پڑنے لگے' تحریک انصاف کے دھرنے میں شامل شرکاء تیسرے روز گیسٹرو' پیٹ کی بیماریوں اور پانی کی کمی کا شکار ہو کر بیمار ہونے لگ گئے ۔ ابرارالحق کی تنظیم سہارا ٹرسٹ مریضوں کو طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔
اسلام آباد میں ابر بھی خوب برسا اور دھرنے کے تیسرے روز چلچلاتی دھوپ بھی نکلی، موسم کے تیور آزادی کے متوالوں کو بیمار کر دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے میں شامل کئی کارکن گیسٹرو' اسہال' قے اور بلڈ پریشر کم ہونے سے طبی کیمپ پہنچ گئے۔ طبی کیپمپ سہارا فار لائف ٹرسٹ کی جانب سے لگایا گیا ہے، کیمپ کے انچارج کے مطابق صبح سے 400 مریضوں کو طبی امداد دی جا چکی ہے۔

کیمپ میں مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث مریضوں کو گرین بیلٹ پر لٹا کر ڈرپ لگائی جا رہی ہیں، مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ بیماری کے باوجود گھروں کو نہیں جائیں گے۔

طبی کیمپ منتظمین کے مطابق شدید بیمار مریضوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق موسم کی تبدیلی، پانی کی کم یابی اور ناقص خوراک کے باعث دھرنے کے شرکاء میں بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔