امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے ذریعہ جناح ہسپتال کے میٹرنٹی وارڈ کیلئے 6ملین ڈالر فراہم کریگی ،مائیکل ڈوڈمین

پیر 18 اگست 2014 18:26

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین نے کہا ہے کہ جناح اسپتال میں 120بستر کے میٹرنٹی وارڈ کا منصوبہ امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے کئی منصوبوں میں سے ایک ہے ۔اس منصوبے پر امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے ذریعہ 6ملین ڈالر فراہم کریگی ۔یہ بات انہوں نے پیر کو جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر میں 120بستر کے میٹرنٹی وارڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،سندھ کے وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد ،کراچی میں نئے امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ اور یو ایس ایڈ کے قائم مقام صوبائی ڈائریکٹر ڈاکٹر رینڈی ہارڈ فیلڈ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مائیکل ڈوڈمین نے کہا کہ صحت کے شعبے میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تعاون کئی عشروں پر محیط ہے ۔1959میں یوایس ایڈ ،جناح اسپتال اور انڈیانا یونیورسٹی کی مشترکہ کوششوں سے بنیادی صحت کا ایک مرکز قائم کیا گیا تھا ۔

2012میں جناح اسپتال میں ہی 3.4ملین ڈالر کی لاگت سے گائنی وارڈ کی تعمیر کی گئی ۔اس کے علاوہ 387ملین ڈالر کی لاگت سے ماں اور بچے کی صحت کا منصوبہ بھی جاری ہے ،جس کے ذریعہ خاندانی منصوبہ بندی ،تولیدی صحت اور زچہ بچہ کی نگہداشت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔مائیکل ڈوڈمین نے اس موقع پر یو ایس ایڈ کے اس منصوبے میں شراکت اور اظہار کنسٹرکشن کی کوششوں کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :