ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس

منگل 19 اگست 2014 16:34

قصور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء)ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری کے زیر صدارت گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ای ڈی او فنانس ڈاکٹر ظفر اقبال شاکر‘ڈی او سی چوہدری محمد رفیق ، ڈی او لیبر طاہر منصور، ڈپٹی ڈی او لیبر رانا اشتیاق احمد ‘اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر اسحاق حیدر ‘لیبر آفیسر زعمران غوث ،علی رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی چوہدری علی احمد‘ڈی او ماحولیات فہیم نسیم ‘لیگل ایڈوائزر بانڈڈ لیبر آرگنائزیشن چوہدری امتیاز احمد ایڈووکیٹ ‘جنرل سیکرٹری (ن) لیگ میڈم صفیہ سعید ‘ضلعی نائب صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن حاجی اشرف ‘صدر بھٹہ مزدور یونین صادق گل ‘جنرل سیکرٹری بھٹہ مزدور یونین اختر سندھو ایڈووکیٹ اور بھٹہ مزدوروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری نے بھٹہ مزدوروں اور پاور لومز مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈز کی فراہمی کا جائزہ لیا اور تمام بھٹہ مالکان کو حکومت کے طے شدہ ریٹ کیمطابق بھٹہ مزدوروں کو مزدوری کی ادائیگی کرنیکا حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بھٹہ مزدوروں کیساتھ ظلم نہیں ہونے دیگی اور ضلع بھر میں بانڈڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائینگے ۔ ڈی سی او نے محکمہ لیبر افسران کو ہدایت کی کہ عدالت میں زیر التواتمام کیسز کو جلد ازجلد سمری ٹرائل پر نمٹایا جائے اور بھٹہ مزدوروں کے ڈیٹا سروے کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔