سانگھڑ ایڈز کونسل کا افتتاحی اجلاس،ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجے اور دیگر مسائل پر تبا دلہ خیا ل

بدھ 20 اگست 2014 13:55

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) سانگھڑ ایڈز کونسل کا افتتاحی اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ‘ تعلیم‘ سوشل ویلفیئر‘ پولیس‘ ریونیو‘ جیل کے محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اس خصوصی اجلاس میں پروگرام منیجر نئی زندگی عاطف حبیب‘ چیف ایگزیکٹو برج کنسلٹنٹ فاؤنڈیشن ڈاکٹر شرف علی شاہ‘ ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر PPHI عاشق حسین چانڈیو‘ ڈسترکٹ منیجر ہینڈز‘ بڑی تعداد میں وکلاء‘ صحافیوں‘ سول سوسائٹی‘ چیمبر آف کامرمس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ایڈز کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سکندر علی خشک نے کی جبکہ اجلاس میں ممبر سندھ اسمبلی سعید خان نظامانی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر علی خشک نے کہا کہ ضلع سانگھڑ میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ تمام سرکاری اور نیم سرکاری اداروں سے مل کر دنیا کے خطرناک اور مہلک ترین مرض ایڈز کی روک تھام کیلئے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام سے مل کر ضلع سانگھڑ میں ایڈز کے مریضوں کے علاج کیلئے آج سے ہی سینٹر قائم کرنے کیلئے جدوجہد شروع کردے گی اور پورے ضلع کے عوام کو دنیا کے اس لاعلاج مرض کے بارے میں ضلع سانگھڑ میں کام کرنے والے سرکاری وغیر سرکاری ادارے‘ صحافی‘ وکلاء‘ منتخب ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور عوام میں اس مرض کے بارے میں مکمل شعور وآگاہی پیدا کریں گے۔

اس موقع پر اجلاس سے نئی زندگی اسلام آباد کے پروگرام منیجر عاطف حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایڈز کا مرض سب سے زیادہ سرنج سے نشہ کرنے والے افراد میں 38 فیصد بتایا جاتا ہے جوکہ ہمارے معاشرے کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اجلاس سے چیف ایگزیکٹو برج کنسلٹنٹ فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر شرف علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ گزشتہ تین سال سے ضلع سانگھڑ میں نشے کے عادی افراد کے ساتھ کام کررہا ہے‘ میرے ادارے گزشتہ تین سالوں میں ایک جامع مکمل سروے کے بعد ضلع سانگھڑ میں سرنج سے نشہ کے 1320 عادی افراد کو رجسٹرڈ اور پھر ان کے خون کی اسکریننگ کی جس میں سے 136 افراد میں دنیا کا خطرناک ترین مرض ایڈز موجود پایا گیا۔

میرا ادارہ گزشتہ تین سالوں سے نشے کے عادی افراد کی ضلع سانگھڑ میں بھرپور خدمت کررہا ہے ان کو مختلف سروسز جن میں SNEP‘ B-CC ہائی جینکسٹی اور دیگر سروسز بالکل مفت فراہم کررہا ہے۔ اب ڈسٹرکٹ گورنمنٹ‘ سول سوسائٹی‘ وکلاء‘ صحافی اور دیگر سماجی ادارے آگے آئیں‘ ضلع سانگھڑ میں موجود نشے کے عادی افراد ایڈز کے مریضوں کا علاج کروائیں۔

اس موقع پر ممبر سندھ اسمبلی سعید خان نظامانی‘ اختر قریشی‘ انور محمود نظامانی‘ عاشق حسین چانڈیو‘ شگفتہ نسرین‘ علی شیر ڈاہری‘ ہوش محمد منگی‘ یاسمین مغل‘ ڈاکٹر غلام نبی میمن نے اجلاس میں ایڈز کے مریضوں کے علاج کے بارے میں تفصیل سے اپنی پیشہ ورانہ رائے ڈپٹی کمشنر کو دی جس کے بعد ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے متفقہ طور پر 25 رکنی ڈسٹرکٹ ایڈز کونسل کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے بعد ضلع سانگھڑ میں تمام موجود ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجے اور ان کی ری ہیبلیٹیشن پر کام کرے گی تاکہ ضلع بھر کے عوام کو دنیا کے کے اس خطرناک اور مہلک ترین مرض سے مستقبل میں بچایا جاسکے۔

ڈسٹرکٹ ایڈز کونسل کی میٹنگ ہر تین ماہ بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا کرے گی جس میں ضلع سانگھڑ میں موجود ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجے اور ان کے دیگر تمام مسائل کے بارے میں حل نکالے جایا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :