لاہور ہائیکورٹ نے سنیارٹی لسٹ کی خلاف ورزی پر سیکرٹری صحت پنجاب اور شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین وڈین ڈاکٹر فرخ اقبال سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 28اگست کو جواب طلب کر لیا

بدھ 20 اگست 2014 15:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر محمود نے سنیارٹی لسٹ کی خلاف ورزی پر سیکرٹری صحت پنجاب اور شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین وڈین ڈاکٹر فرخ اقبال سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 28اگست کو جواب طلب کر لیا۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گذار پر ر شیخ زید ہسپتال کے پروفیسر نعمان احمد کے وکیل بیرسٹر نجف شاہ نے عدالت کو بتایا کہ شیخ زید ہسپتال کے انتھیزیا ڈیپارٹمنٹ اور ٹرانسپلانٹ ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ پروفیسر نعمان احمد گزشتہ 27سال سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمانہ سنیارٹی لسٹ میں پروفیسر نعمان احمد پہلے جبکہ ڈاکٹر فرخ اقبال تیسرے نمبر پر ہیں لیکن محکمہ صحت پنجاب نے سنیارٹی لسٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سینئر کی بجائے جونیئر کو شیخ زید ہسپتال کا چیئرمین و ڈین مقرر کیا گیا ہے۔ عدالت اسکا نوٹس لے اور فوری طور پر ڈاکٹر فرخ اقبال کو شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین و ڈین کو عہدے سے ہٹا دیا جائے اور ان کی جگہ سنیارٹی لسٹ میں جو سینئر ہے انہیں شیخ زید ہسپتال کا چیئرمین و ڈین لگایا جائے۔ جس پر عدالت نے شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین وڈین ڈاکٹر فرخ اقبال سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 28اگست کو جواب طلب کر لیا۔