مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں گے، ڈاکٹر سردار محموداحمد خان

بدھ 20 اگست 2014 16:22

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء)ڈائریکٹرجنرل صحت عامہ ڈاکٹر سردار محموداحمد خان نے کہا ہے کہ محکمہ کے وقار کو بلند کرنے اور عوام الناس خصوصاً مریضوں کے بروقت علاج معالجہ میں اپنا کردار اداکرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ناظم اعلیٰ نے انتظامی آفیسران /ڈاکٹرز پر اپنی پالیسی ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت عامہ کی اولین ترجیح آمدہ مریض ہیں جن کو بروقت ،فوری اور سہل علاج معالجہ کی سہولیات میسر کرتا ہے ۔

موصوف نے ماتحت ادارہ جات کے سربراہان کو مزید ہدایت فرمائی ہے کہ وہ مریضوں کے متعلق کسی قسم کی لاپروائی کا مظاہر ہ نہ کریں۔طبعی ادارہ جات میں آمدہ مریضوں کو طبعی ادارہ جات میں ہی چیک کیا جائے اور ان کو ادویات بھی متعلقہ ہسپتال سے فراہم کی جائیں تاہم ادویات کی کمی کو دور کرنے کے لئے وہ حکومت سے مزید بجٹ /ادویا ت حاصل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے اور مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ صحت عامہ کے آفیسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی سرکاری کام یا فائل پر اندر تین ایام کارروائی کی جاکر تکمیل کی جائے۔دنوں اور مہینوں pandingرکھنے والے آفسیران/اہلکاران کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔علاوہ ازیں ماتحت سربراہان ادارہ جات کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اضلاع میں زیر تعمیر طبعی ادارہ جات ہیں ان کی فوری تعمیر مکمل کروانے میں اہم کردار اداکیا جائے۔

اس سلسلہ میں نظامت اعلیٰ صحت کے شعبہ پلاننگ کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔موصوف نے تمام شرکاء پر واضح کیا ہے کہ ان کی تعیناتی بحیثیت D.Gہیلتھ آزادکشمیرموزونیت بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے اور ان کا اہم عوام الناس کو جلد اور فوری علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچانا اولین ترجیح ہے جس کے لئے و ہ بتدریج نظام کو بہتر بنانے میں کوشاں رہیں گے اور انشاء اللہ چند ہی دنوں میں ہسپتالوں اور دفاترز میں تبدیلی دیکھی جاسکے گی۔ضلعی آفیسران سے کہاگیا ہے کہ وہ ایسے معاملات جو نظامت اعلیٰ صحت میں بدوں کارروائی پنڈنگ ہیں کی نشاندہی کریں۔چھان بین کے بعد قصوروار ان کے خلاف وہ از خود کارروائی کریں گے۔