کھانے میں استعمال ہونے والے ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کی بھرمار، ڈاکٹروں نے ملاوٹ والے مصالحے کھانے سے منع کردیا

بدھ 20 اگست 2014 21:33

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء ) کھانے میں استعمال ہونے والے ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کی بھرمار، ڈاکٹروں نے ملاوٹ والے مصالحے کھانے سے شہریوں کو منع کردیا۔ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کھانے سے کینسر و دیگر جان لیوا امراض پھیل سکتے ہیں۔ میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول ہسپتال جاوید احمد شیخ۔ بتایا جاتا ہے کہ سکھر کی مارکیٹ میں ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کی بھرمار ہوگئی ہے اور کئی مصالحوں میں خطرناک کیمیکلز اور رنگ ڈالنے کا انکشاف ہوا ہے۔

جبکہ شہریوں کو مضر صحت اور کیمیکل والے مصالحہ جات کی فروخت تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں میڈ یا کی ٹیم نے سول ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹس سے ملاقات کی تو انہوں نے بتایا کہ ملاوٹ شدہ مصالحہ جات سے کینسر اور دیگر جان لیوا امراض پیدا ہوتے ہیں ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کا زیادہ استعمال انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے ان مصالحہ جات میں خطرناک قسم کے کیمیکلز اور رنگ استعمال کئے جاتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔

(جاری ہے)

جاوید احمد شیخ نے کہا کہ شہریوں کو میری تجویز ہے کہ وہ ملاوٹ شدہ مصالحہ جات نہ استعمال کریں اور خود اپنی نگرانی میں پیسے ہوئے مصالحہ جات استعمال کریں۔ دوسری جانب شہریوں کی بڑی تعداد نے ملاوٹ شدہ مصالحہ جات بیچنے والوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں کو انسانی جانوں کی کوئی قدر نہیں ہے یہ لوگ صرف پیسا کمانا جانتے ہیں، شہریوں نے کمشنر سکھر اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملاوٹ شدہ مصالحہ جات بیچنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے انسانی جانوں کو بچایا جائے۔