ویت نام ،ایبولا کے شبہ میں نائیجیریا سے آنیوالے دو افراد ہسپتال سے فارغ کردئیے گئے

جمعرات 21 اگست 2014 17:55

ہنوئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء)ویت نام نے بخار میں مبتلاء مغربی افریقہ سے آنیوالے نائیجیریا کے دو باشندوں کو الگ تھلگ رکھنے کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا ہے اور کہا کہ ان میں مہلک ایبولا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔اس جوڑے کے ایبولا وائرس کے کئے جانیوالے ٹیسٹوں کا ابھی کوئی علم نہیں ہوا ہے تاہم وزارت صحت نے کہا ہے کہ ان کی حالت سدھر گئی ہے ۔

گزشتہ روز دیر گئے جاری کئے جانیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چوبیس گھنٹے کی مانیٹرنگ کے بعد دونوں مریض بخار سے مبرا تھے ان میں ایبولا سے متعلق علامات کے کوئی غیر معمولی آثار نہیں پائے گئے ہیں ۔وزارت نے کہا ہے کہ ان افراد کو متاثرہ علاقے چھوڑنے کی تاریخ کے بعد سے تین ہفتے کے لئے ”کمیونٹی سرویلنس “میں رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

قطر کے راستے نائیجیریا سے پیر کو ویت نام تک سفر کرنیوالے اس جوڑے کے قریب بیٹھے ہوئے جہاز کے مسافروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی صحت کو مانیٹر کریں۔

ویت نام نے ہنوئی اور ہوچیمن سٹی میں اپنے دو اہم ہوائی اڈوں پر ٹمپریچر کے لازمی چیک اپ کا نفاذ کررکھا ہے تاکہ مسافروں کے ملک میں خونین وائرس لانے کی روک تھام کی جاسکے ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایبولا سے ہلاک ہونیوالوں کی تازہ ترین سرکاری تعداد دو روز میں 106سے بڑھ کر 1350ہو گئی ہے جبکہ لائیبریا ، گنی اور سیرالیون میں اس مرض میں مبتلاء افراد کی بے انتہا تعداد ہے ۔میانمر میں ایک مقامی شخص کے بخار میں مبتلاء ہو نے کے ساتھ گنی سے آنے کے بعد سے ٹیسٹ لئے جارہے ہیں۔