کمپیوٹر‘ لیپ ٹاپ‘ ٹیبلٹ اور آئی ٹی سے متعلق دیگر سامان تیار کرنے والی عالمی کمپنی لینوو (Lenovo) کا پاکستان میں پہلی بار اپنے 10 مختلف اقسام کے اسمارٹ فونز آئندہ ماہ ستمبر 2014ء میں متعارف کرانے کے اعلان

پیر 25 اگست 2014 18:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) کمپیوٹر‘ لیپ ٹاپ‘ ٹیبلٹ اور آئی ٹی سے متعلق دیگر سامان تیار کرنے والی عالمی کمپنی لینوو (Lenovo) نے پاکستان میں پہلی بار اپنے 10 مختلف اقسام کے اسمارٹ فونز آئندہ ماہ ستمبر 2014ء میں متعارف کرانے کے اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مختلف اسٹائل سے ڈیزائن یہ اسمارٹ فونز شخصیت اور بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے گئے ہیں۔

پیر کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے موقع پر شارع شمس‘ ہیڈ آف اسمارٹ فون بزنس برائے مشرق وسطیٰ اور افریقہ‘ لینوو پاکستان کے جنرل منیجر نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں متعارف کئے جانے والے یہ نئے اسمارٹ فونز ستمبر 2014 کے آخر میں پاکستانی مارکیٹ میں آجائیں گے اس سلسلے میں یہ امکان انتہائی زیادہ ہے کہ لینوو کا جدید ترین اسمارٹ فون وائب زیڈ 2 پرو (Vibe Z2 Pro) مارکیٹ میں انتہائی مقبولیت حاصل کرلے گا۔

(جاری ہے)

یہ اسمارٹ فون بہترین کارکردگی کی انتہائی ضرورت رکھنے والے افراد کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیش کئے جانے والے لینوو اسمارٹ فونز کی پہلی کھیپ ستمبر کے اوائل میں پاکستانی مارکیٹ میں پہنچ جائے گی۔ ستمبر میں اعلیٰ معیار کی کارکردگی کے حامل انتہائی تیز وائب زیڈ 2 پرو (Vibe Z2 Pro) پانچ دیگر ماڈلوں کے ساتھ جاری کیا جائے گا جس کے نتیجے میں لینوو کے پاکستان میں متعارف کرائے گئے اسمارٹ فونز کی تعداد 10 ہو جائے گی۔

شارع شمس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ثابت کررہا ہے کہ وہ اسمارٹ فون کے حوالے سے ایک بہت مسابقتی اور اہم مارکیٹ بنا ہے‘ نیٹ ورکس میں G3 اور G4 کی حالیہ توسیع اور موجودہ ڈھانچے میں ترقی کے ساتھ ہی اسمارٹ فونز صارف کی فطری ضرورت بن گئے ہیں‘ پچھلے سال سے اسمارٹ فون کی فراہمی کے بارے میں ہم سے پوچھا جارہا تھا اور آخرکار ہم صارفین کو اپنے اسمارٹ فونز کی فراہمی پر خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لینوو اسمارٹ فون تیار کرنے والی دنیا کی چوتھی بڑی کمپنی ہے اور صارفین کی مختلف ضروریات کے مطابق خصوصیات کے ساتھ نئے ڈیزائن کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے‘ لینوو کا طویل المدت مقصد یہ ہے کہ بعد از پی سی دور میں قائدانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہمارے اسمارٹ فونز کی مقبولیت کی وجہ یہی ہے کہ ہماری مصنوعات میں جدت ہے اور بدلتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات اور صارفین کے مطالبے کے مطابق اپنے عزم کو یقینی بناتے ہیں۔

شارع شمس نے آئی پی ایس او ایس میڈیا سی ٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں اسمارٹ فونز کے صارفین کی تعداد 15 کروڑ 64لاکھ تک جا پہنچی ہے جبکہ 2017 تک اسمارٹ فونز صارفین کی تعداد 25 کروڑ 19 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے پیو ریسرچ سینٹر کے حالیہ اعداد وشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسمارٹ فون کا نفوذ محض 3 فیصد ہے اور ملک بھر میں نیٹ ورک کی بہتر کارکردگی کے باعث ہمیں توقع ہے کہ آنے والے سالوں کے دوران پاکستان میں اسمارٹ فونز کے استعمال کی شرح بڑھے گی اور لیوو مختلف رینج کے اسمارٹ فونز کے ہمراہ اس ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے یہاں موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :