اسکاؤٹ برادری خدمت کے اعلیٰ معیار کی علامت ہے، سجاد سلیم ہوتیانہ

یہ طبقہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی انتہائی فرض شناسی ‘ تندہی اور جانفشانی کے ساتھ انسانیت کی خدمت کو فرض عین سمجھتا ہے ،چیف سیکریٹری سندھ

پیر 25 اگست 2014 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء ) چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے کہا ہے کہ اسکاؤٹ برادری خدمت کے اعلیٰ معیار کی علامت ہے اور یہ طبقہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی انتہائی فرض شناسی ‘ تندہی اور جانفشانی کے ساتھ انسانیت کی خدمت کو فرض عین سمجھتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکریٹری سندھ نے پیر کو اپنے دفتر میں سندھ بوائز اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ‘ وفد نیشنل کمشنر عبدالکریم بلوچ ‘ چیف کمشنر سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد صدیق میمن اور صوبائی صدر سندھ بوائز اسکاؤٹس سید اختر پر مشتمل تھا ۔

وفد نے چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا کہ دسمبر 2014 ء میں ” اسکاؤٹنگ برائے امن “ کے عنوان سے خیرپور میں دس روزہ اسکاؤٹ جمبوری منعقد ہوگی جس میں سارک ممالک اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر کے 100 سے زیادہ مندوبین بھی شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پانچ ہزار سے زیادہ چھولداریاں ( ٹینٹس / خیمے ) بھی نصب کئے جائیں گے ۔ چیف سیکریٹری نے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ اسکاؤٹ جمبوری بعنوان ” اسکاؤٹنگ برائے امن “ کے استحکام کے پیش نظر جملہ سہولتیں فراخدلی سے فراہم کرے گی ۔

سجاد سلیم ہوتیانہ نے یاد دلایا کہ گورنر سندھ چیف اسکاؤٹ اور وزیر اعلیٰ سندھ اسپیشل اسکاؤٹ ہیں یہ دو شخصیات اسکاؤٹنگ کے فروغ کے لئے دلچسپی کے ساتھ سرگرم عمل ہیں ۔ انشاء اللہ سندھ کی انتظامیہ اس سلسلے میں موثر خدمات انجام دے گی ۔ دریں اثناء چیف سیکریٹری سندھ نے ڈپٹی سیکریٹری اسٹاف محمد زمان ناریجو کو اسکاؤٹنگ برائے امن جمبوری کے لئے رابطہ افسر ( فوکل پرسن) مقرر کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ ‘ محکمہ تعلیم ‘ محکمہ صحت ‘ محکمہ کھیل و امور نوجوانان ‘ پروونشل ڈیزاسٹڑ مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سمیت تمام محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے جنہیں باقاعدہ ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔

چیف سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس بامقصد جمبوری کے انعقاد کے لئے موثر طور پر ذاتی دلچسپی بھی لیں گے اور وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ جمبوری میں شرکت کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :