ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری اور مریضوں کو علاج معالجہ کی ممکنہ سہولیات کی یقینی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں،سائرہ افضل تارڑ

پیر 25 اگست 2014 19:44

کالیکی منڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء )وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری اور مریضوں کو علاج معالجہ کی ممکنہ سہولیات کی یقینی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بالخصوص خواتین مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے لیڈی ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنا بھی انکی اہم ترجیح ہے۔

انہو ں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی کے لیے خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے ہیں اور ڈاکٹر ،پیرامیڈیکل سٹاف اور اساتذہ اپنے فرائض خلوص نیت سے ادا کرکے ان دو اہم ترین شعبوں کو حقیقی معنوں میں عوام دوست بنا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور سکولوں کی کاکردگی کو بہتر بنائے بغیر عوام کا اعتماد بحال نہیں کیا جا سکتا ہے اور ہم سب کو عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے اپنی ڈیوٹی فرض سمجھ کر ادا کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ کیو ہسپتال میں توسیع شدہ ایمرجنسی وارڈ کے افتتاح کے بعد پہلے محکمہ صحت اور بعد ازاں محکمہ تعلیم کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان ،ڈی سی او حافظ آباد محمد عثمان ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نصیر احمد کاہلوں ،ای ڈی او ایجوکیشن محمد اشرف ہرل،ایم ایس ڈاکٹر شاہد فاروق ،اے سی عمر فاروق وڑائچ ،جی اے آر سعید احمد خاں اور دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

میڈم سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر وں کی تعیناتی کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے اور وہ اس سلسلہ میں خود بھی سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے رابطہ میں ہیں ۔ڈی سی او محمد عثمان نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو درپیش مسائل کے مرحلہ وار ٹھوس حل کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور دو بیڈز کی ایمرجنسی کو چھ بیڈز تک توسیع دینا بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بہتری کے اقدامات میں سے اہم قدم ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گردوں کے افراض کے وارڈ کو بھی دوسری جگہ شفٹ کرکے ایمرجنسی وارڈ کو مذید توسیع دینے کا بھی پلان ہے جبکہ بہت جلد دوسرے مرحلہ میں لیبر روم اور گائنی وارڈ کی بہتری کا عمل شروع کیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پارکنگ بھی شفٹ کی جائیگی اور بہترین طبی سہولیات اور دیکھ بھال کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائیگا۔

ای ڈی او ہیلتھ اور ایم ایس نے وفاقی وزیر کو محکمہ صحت اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی ۔میڈم سائرہ افضل تارڑ نے بعد ازاں محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ مثالی مراعات اور تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے بعد میٹرک اور دیگر امتحانات میں سرکاری سکولوں کی غیر تسلی بخش کارکردگی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور برے نتائج کے حامل سکولوں کے انچارج اساتذہ کو خراب کارکردگی پر جوابدہ ہونا پڑے گا ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ای ڈی او ایجوکیشن خراب نتائج دینے والے سکولوں کا ڈیٹا مرتب کرکے ان سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کا اجلاس طلب کریں تاکہ ان سے باز پرس کرنے کے بعد مناسب محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بڑی فراخ دلی سے سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فنڈز فراہم کر رہی ہے جس کے بعد خراب کارکردگی کا کوئی جواز قابل قبول نہیں ہو سکتا ہے۔