مخدوم جاوید ہاشمی کے ای سی جی سمیت دل کا چیک اپ و دیگر ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے،

ڈاکٹروں نے تحریک انصاف کے راہنما کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے آرام کا مشورہ دے دیا، وہ کچھ روز ہسپتال میں داخل رہیں گے

پیر 25 اگست 2014 23:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کے ای سی جی سمیت دل کا چیک اپ و دیگر ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے۔ ڈاکٹروں نے تحریک انصاف کے راہنما کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ کچھ روز ہسپتال میں داخل رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اچانک طبیعت خراب ہونے پر پمز ہسپتال منتقل کیے جانے والے تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کے تمام طبعی و میڈیکل ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پمزہسپتال ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق سینئر ڈاکٹرو ں کی ٹیم نے مخدوم جاوید ہاشمی کے دل کا معائنہ کیا ہے اور ای سی جی بھی کروائی گئی ہے جس میں ان کی حالت تسلی بخش ہے اور کوئی خطرے کی علامت سامنے نہیں آئی۔ ترجمان کے مطابق جاوید ہاشمی مسلسل بے آرامی کے باعث بخار کے ساتھ گلے کی خرابی ،آنکھوں میں درد اور ان کے جسم کو پانی کی کمی کا سامنا تھا ۔ ترجمان کے مطابق جاوید ہاشمی کے ایکسرے بھی کروائے گئے تھے او ر ان کے بلڈ ٹیسٹ بھی لئے گئے مگر ایسی کوئی سنگین بیماری سامنے نہیں آئی ، انہیں اس وقت آرام کی ضرورت ہے جس کے لئے نہیں وقتی طور پر ہسپتال داخل کیا گیا ہے مگر خطرے کی کوئی بات نہیں۔