کانگو کے شمالی علاقوں میں ایبولا وائرس کے پھیلاوٴ کی تصدیق

منگل 26 اگست 2014 13:02

برازویلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء)افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں حکام نے ملک کے شمالی علاقوں میں ایبولا وائرس کے پھیلاوٴ کی تصدیق کر دی ہے۔کانگو کے وزیرِ صحت فیلکس نمبی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایاکہ دو مریضوں کے تجزیوں سے پتہ چلا ہے کہ ایکواٹیور صوبے میں ایبولا کی بیماری موجود ہے اور وہاں اس سے 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ہلاکتیں ایک الگ تھلگ علاقے میں ہوئی ہیں اور یہ وائرس مغربی افریقہ میں پائے جانے والے ایبولا وائرس سے مختلف ہے۔ڈاکٹر نمبی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایبولا کی تصدیق کے بعد علاقے میں بیماری کو محدود کرنے کے لیے ’کورنٹین زون‘ یا قرنطینہ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔کانگو مغربی افریقہ کے باہر پہلا ایسا ملک ہے جہاں ایبولا کے مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔اب تک ایبولا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1427 ہو چکی ہے جبکہ مریضوں کی کل تعداد 2600 سے زیادہ ہے۔جمہوریہ کانگو کے صوبے ایکواٹیور میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد افراد غیرمعمولی بخار میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔