فرائض سے غفلت پر لیڈی ڈاکٹر کا 2 سال کے لئے سالانہ انکریمنٹ روکنے کا حکم

منگل 26 اگست 2014 20:08

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست 2014ء) چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے زور دیا ہے کہ صوبائی اداروں اور دفاتر میں قواعد و ضوابط کے تحت حسن کارکردگی یقینی بنائی جائے اور صوبائی سیکریٹریز کو چاہئے کہ وہ ماتحت افسران اور عملے کی کارگزاری اور خدمات کی موثر مانیٹرنگ کریں اور کوتاہیوں کی اصلاح کریں تاکہ خدمات کی انجام دہی بطریق احسن ممکن ہوسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چیف سیکریٹری سندھ نے ہفتہ وار سماعت کے دوران خلاف ضابطہ کار گزاری کے مرتکب افسران کے معاملات کی سماعت کے دوران کیا ۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے ایگزیکٹیو انجینئر رحمت اللہ سومرو کو مالی بے ضابطگی کی بنیاد پر لازمی ریٹائر منٹ پر بھیج دیا گیا وہ حیدرآباد میں تعینات تھے اور ان پر سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات تھے جو ازروئے حقائق غلط قرار نہیں دیئے جاسکے ۔ اسی طرح محکمہ صحت کی ڈاکٹر زینت شیخ کی فرائض سے غفلت برتنے پر 2 سال کے لئے سالانہ انکریمنٹ روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہ قاسم آباد جنرل اسپتال میں شعبہ زچگی کی انچارج ہیں ۔