عالمی ادارہ صحت کا ایبولا سے متاثرہ طبی کارکن جرمنی منتقل

جمعرات 28 اگست 2014 12:56

ہیمبرگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء) ایبولا وائرس سے متاثرہ عالمی ادارہ صحت کا ایک طبی کارکن علاج کی غرض سے جرمنی پہنچا دیا گیاہے۔ وبا کے پھیلنے کے بعد ڈبلیو ایچ او نے سیرا لیون میں اپنا ایک تجزیاتی مرکز بند کرنے کے بعد اپنے عملے کو واپس بلا لیا تھا۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق سینیگال سے تعلق رکھنے والے وبائی امراض کے ماہر سیرالیون میں ایبولا وائرس کی تشخیص گاہ میں کام کے دوران اس وائرس کا شکار ہوئے جنہیں ہوائی جہاز کے ذریعے ہیمبرگ منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سال مارچ میں ایبولا وائرس کے وبائی شکل اختیار کرنے کے بعد مغربی افریقہ میں 1,400 افراد ہلاک جبکہ 2,600 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ایبولا وائرس نے سیرالیون، گنی اور لائبیریا کو شدید متاثر کیا ہے اور حکومت نے لائبیریا کے دارالحکومت کی کچی آبادی کو مکمل طور پر الگ تھلگ کر دیا ہے۔ امریکا میں بیماریوں کی روک تھام کے سرکاری مرکز کے سربراہ ٹام فریڈن نے لائبیریا میں عہدیداروں سے ملاقات میں وبا کے بارے میں آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تعاون کی پیش کش کی ہے۔ فریڈن سیرالیون اورگنی بھی جائیں گے

متعلقہ عنوان :