مکئی کے کاشتکار فصل کو بارشوں کے موسم میں کیڑوں ، بیماریوں سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کریں، محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 29 اگست 2014 16:32

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے مکئی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکئی کی فصل کو بارشوں کے موسم میں نقصان رساں کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ سے محفوظ بنانے کے اقدامات کریں۔ ترجمان کے مطابق مکئی پر سٹاک راٹ ، نوزائیدہ پودوں کا مرجھاؤ ، تنے کا گالا، برگی دھبے اور کنگی جیسی بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں ۔

گرم اور مرطوب موسم میں مکئی کے نوزائیدہ پودوں کے مرنے کا احتمال بڑھ جاتا ہے ۔سٹاک راٹ یا تنے کا گالا کی بیماری کے حملہ کی پہچان یہ ہے کہ چھلیوں کے پکنے پر یہ ٹوٹ کر لٹک جاتی ہیں اور ان میں موجود دانے کمزور رہ جاتے ہیں ۔ پودے خشک ہوکر درمیان سے ٹوٹ جاتے ہیں اور پیداوار میں کمی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس بیماری کے حملہ کے بچاؤ کے لیے کھیتوں میں فصلوں کی کاشت کا ادل بدل کریں۔

موسمی کاشتہ مکئی کی فصل پر کونپل کی مکھی ، گھوڑا مکھی ، چست تیلہ ، لشکری سنڈی ،تنے یا چھلی کا گڑواں اور جوئیں بھی حملہ آور ہوتی ہیں۔ان نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے فصل کو محفوظ بنانے کیلئے ہفتہ میں دوبار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔ کونپل کی مکھی اور تنے یا چھلی کے گڑویں کے حملہ کے بروقت تدارک کیلئے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہر کا سپرے کریں۔ کاشتکاروں کو مزید بتایا جاتا ہے کہ وہ چھلیاں بننے کے بعد فصل پر زہر پاشی نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :