قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ تیسرے دن بھی جاری رہا ‘ وسیم اکرم طبیعت ناساز ہونیکی وجہ لیکچر دینے نہ آ سکے ۔فیلڈنگ کے کمزور شعبے میں بہتری کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں ۔ شعیب ملک

ہفتہ 12 مئی 2007 13:29

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار12 مئی2007) ابو ظہبی میں 18سے 22 مئی تک سری لنکا کیخلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ تیسرے روز بھی قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہا ۔کیمپ کی نگرانی ٹیم منیجر طلعت علی نے کی جو کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دیتے رہے ۔مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم اکرم جنہوں نے گزشتہ روز کیمپ میں کھلاڑیوں کو لیکچر دینا تھا طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے کیمپ میں شریک نہ ہو سکے ۔

ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز جیت کر ہم ٹیم کا مورال بلند کرنے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فیلڈنگ کمزور ہے جس پر ہم زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے جونیئر اور سینئر ارکان میں کوئی فرق نہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں محمد یوسف‘یونس خان اور شاہد آفریدی سے زیادہ جونیئر نہیں بس ایک دو سال کا فرق ہے مجھے بھی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے 8سال ہوگئے ہیں۔

شعیب ملک نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستان کی ٹیم اوپننگ بلے بازوں کے مسئلے کا شکا ر ہے اگر اوپننگ بلے بازوں میں ایک بائیں ہاتھ اور ایک دائیں ہاتھ کا پلیئر ہو تو مخالف ٹیم کے لئے مشکل پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی بلے بازوں کا مسئلہ اس وقت حل ہو گا جب کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کا پورا موقع دیا جائے ۔شعب اختر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایسے باؤلر ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں وہ ٹریننگ کر رہے ہیں پاکستان کو ان کی ضرورت ہے وہ جلد ہی ٹیم کا حصہ ہونگے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے ان کا کہنا تھا کہ اب تک ان کا کوئی مخصوص نمبر نہیں تھا انھیں میچ کی صورتحال کے مطابق گراؤنڈمیں اتارا جاتا تھا ۔ شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی کرکٹ کو بین الاقوامی کرکٹ سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :