کمانڈر القسام بریگیڈ کو شہید کرنے میں اسرائیل ناکام رہا ،حماس،

کمانڈر محمد دیف اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہیں اوران کی صحت بہترہورہی ہے،خالد مشعل

جمعہ 29 اگست 2014 19:02

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) حماس کے سربراہ خالد مشعل نے عزالدین القسام بریگیڈ کے کمانڈر کی حالت کے بارے میں بتایا ہے کمانڈر محمد دیف کی حالت بہتر ہے۔ کمانڈر محمد دیف اور ان کے اہل خانہ کو اسرائیل نے اپنی وحشیانہ بمباری کے دوران بطور خاص نشانہ بنایا تھا۔اسرائیلی حملے کے دوران کمانڈر دیف کی اہلیہ اور سات ماہ کا کم سن بیٹا شہید ہو گئے تھے، تاہم القسام بریگیڈ کے کمانڈر کو شہید کرنے میں اسرائیل ناکام ر ہا تھا۔

(جاری ہے)

حماس کے سربراہ خالد مشعل نے اپنی جماعت کے عسکری ونگ کے اس کمانڈر کی صحت و عافیت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا اسرائیل کمانڈر دیف پر حملے کے باوجود انہیں شہید کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔واضح رہے کمانڈر محمد دیف کو القسام بریگیڈ کی زیر زمین سرنگوں اور بنکرز کی تعمیر کی حکمت عملی کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس امر کی تردید کی ہے کہ اسرائیلی فوج نے کمانڈر دیف کو شہید کرنے کی کوشش مگر ناکام رہی۔ تاہم بنجمن نیتن یاہو نے کہا القسام بریگیڈ کے کمانڈر ہمارے اہداف رہے ہیں اور ان میں سے کسی کے لیے تحفظ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :