پاکستان ریلوے نے تین سال کے وقفے کے بعد کراچی تا لاہور کارگو ٹرین سروس کا آغازکردیا،

بوگیوں پر مشتمل مال بردار ٹرین سے ریلوے کو 48ملین روپے ماہانہ آمدن اور کاروباری طبقے کو سامان کی محفوظ ترسیل کی سہولت میسر آئے گی، محمودالحسن

منگل 2 ستمبر 2014 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2ستمبر۔2014ء) پاکستان ریلوے نے تین سال کے وقفے کے بعد کراچی تا لاہور کارگو ٹرین سروس کا آغاز کردیا ہے 23بوگیوں پر مشتمل مال بردار ٹرین سے ریلوے کو 48ملین روپے ماہانہ آمدن اور کاروباری طبقے کو سامان کی محفوظ ترسیل کی سہولت میسر آئے گی۔ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک پاکستان ریلوے محمود الحسن نے کراچی سے لاہور کے لئے پاکستان ریلوے میں سامان کی تیز ترین ترسیل کے لئے چلائی جانے والی کارگو ایکسپریس کا منگل کو کراچی سٹی اسٹیشن پر افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن نثار میمن، ڈپٹی ڈی ایس آپریشن شعیب عادل، ڈپٹی ڈی ایس ٹیکنیکل محفوظ علی خا، ڈپٹی ڈی ایس ٹیکنیکل محمد ابراہم راجپر، اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ صغیر الدین، تمام ڈویژنل آفیسرز اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاح کے بعد محمود الحسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ خسارے میں چلنے والے پاکستان ریلوے نے بحالی کی جانب سفر شروع کردیا ہے ،ریلوے نے 3سال کے وقفے کے بعد کراچی تا لاہور کارگو ٹرین سروس شروع کی 23بوگیوں پر مشتمل کارگو ٹرین 1380 ٹن سامان ایک شہر سے دوسرے شہر تک لے جاسکے گی اور پاکستان ریلوے کو روزانہ 6 ملین روپے اضافی آمدن ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی اور لاہور سے چلنے والی نئی مال بردار ٹرین کو سپر پارسل ایکسپریس کا نام دیا گیا ہے جو ہر منگل اور جمعرات کو چلائی جائے گی اور ملک کے تین بڑے شہروں کراچی ،لاہور اور فیصل آباد کے تاجروں کو محفوظ اورسستے کرائے پرتجارتی سامان کی ترسیل کی سہولت ملے گی۔جون 2011 کے بعد پہلی مرتبہ شرورع ہونے والی مال بردار ٹرین سروس سے پاکستان ریلوے کو ماہانہ 48 ملین روپے کی آمدن ہوگی اور مال بردار ٹرینوں کے ذریعے خسارہ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے میں کارگو سروس کو جدت دینے کے لئے حکومت پاکستان انتہائی دل جمعی سے کام کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ کراچی سے لاہورتک سامان کی تیز ترین ترسیل کے لئے کارگو ایکسپریس چلائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارگو ایکسپریس 38 گھنٹے میں اپنی منزل تک پہنچے گی۔