اتوار 7ستمبر سرکاری دفاتر میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے صفائی کا دن منایا جائیگا

بدھ 3 ستمبر 2014 16:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 ستمبر۔2014ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت کی روشنی میں انسداد ڈینگی کے اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جائیں گے اور تمام سرکاری محکموں کی اس حوالے سے کارکردگی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ کو بھجوائی جائے گی،اتوار7ستمبر کو تمام سرکاری دفاتر میں انسداد ڈینگی سلسلہ میں یوم صفائی منایا جائے گا اس مقصد کے لیے صوبہ بھر میں دفاتر کھلے رہیں گے۔

اس بات کا فیصلہ یہاں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری عامر سہیل کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر معاذ احمد، ماہر وبائی امراض ، پروفیسر فرخندہ کوکب، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈی جی عامر چوہدری اور ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو صوبہ میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیااور تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے طے شدہ ایس او پی تمام محکموں کو دوبارہ ارسال کئے جائیں اور تمام سرکاری محکمے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اپنی اپنی کارکردگی میں مزید اضافہ کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈینگی کی روک تھام کے بارے عوامی آگاہی مہم کو بھرپور انداز میں چلایا جائے ۔ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں اور دیگر محکموں ، سوسائٹیوں میں سیمینارز منعقد کرنے کے علاوہ بینرز، فلیکس آویزاں کئے جائیں، اخبارات میں اشتہارات اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ٹی وی کمرشل چلا جائیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے ستمبر کا مہینہ اہم ہے۔

اس لیے تمام محکمے اور ادارے زیادہ متعدی سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے بڑے شہروں میں موجود واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اداروں کو زیادہ متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مساجد میں جمعة المبارک کے خطبات میں بھی لوگوں کو ڈینگی کے بارے آگاہی پر زوردیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے منتخب عوامی نمائندوں اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس( TERC)کمیٹیوں کے ہفتہ میں دو دن اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیاہے جس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ متعلقہ انچارج سیکرٹری اور دیگر افسران شرکت کو یقینی بنائیں اور انسداد ڈینگی کے اقدامات کو نچلی سطح پر مانیٹر کریں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ماہرین کے مطابق ستمبر میں بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش میں اضافہ ہونے کا امکان ہے لہٰذا سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس ختم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور کے بعد راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، شیخوپورہ ڈینگی کے حوالے سے اہم ہیں اس سلسلہ میں ضلعی حکومتوں کو بھی زیادہ متحرک ہونا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :