,نگلیریا کی احتیاتی تدابیر کے بارے عوام میں آگاہی بیدار کرنے کی ضرورت ہے،صوبائی وزیر صحت،

اگر اس کی جانب سے فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار موجود ہو تو نگلیریا پر قابو پایا جاسکتا ہے، ڈاکٹر صغیر احمد

بدھ 3 ستمبر 2014 19:33

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3ستمبر 2014ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے نگلیریا کی احتیاتی تدابیر کے بارے میں عوام میں آگاہی بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ادارہ فراہمی و نکاسی آب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اگر اس کی جانب سے فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار موجود ہو تو نگلیریا پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔

اپنے دفتر میں نگلیریا کی صورتحال کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ نگلیریا امیبا کے دماغ میں داخل ہونے کے بعد اس کا علاج ناممکن ہے لیکن پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار کو یقینی بناکر اس امیبا سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے ساتھ اس ضمن میں کئی اجلاس ہوچکے ہیں اور مختلف مقامات پر محکمہ صحت اور ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی جانب سے مشترکہ کاوشیں بھی کی جارہی ہیں جس کے بعد جن علاقوں میں کلورین کی مزید ضرورت ہوتی ہے وہاں اسے یقینی بنایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگلیریا سے اس سال ہونے والی 9 اموات نہایت تشویشناک ہیں اور اس امر کی شدید ضرورت ہے کہ عوام کو اس کے بارے میں آگاہی دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں سے 8 کا تعلق کراچی جبکہ ایک میرپورخاص کا رہائشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً وضو کے لئے پانی ابال کر استعمال کیاجائے کیونکہ نگلیریا کا باعث بننے والا امیبا ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوتا ہے اور اسے کھاجاتا ہے ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس ضمن میں ایک مربوط تشہیری مہم چلائی جائے تاکہ عوام کو اس کے بارے میں احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ اس کے ذریعے عوام کو موثر انداز میں آگاہی فراہم کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں خصوصی مضامین شائع کرنے کے ساتھ ساتھ ٹاک شوز کے ذریعہ عوام کو آگاہی فراہم کریں ۔

انہوں نے سیکریٹری صحت اور اسپیشل سیکریٹری صحت سے کہا کہ وہ کراچی کے تمام ٹاؤن ہیلتھ افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے انہیں عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے اقدامات بروئے کار لانے کے احکامات دیں ۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت اقبال درانی ‘ اسپیشل سیکریٹری صحت ڈاکٹر خالد شیخ اور ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹرا سلم پیچوہو نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :