بارشوں کے اس موسم میں ڈینگی لاروا کی پیدائش ہو سکتی ہے،کمشنر لاہور ڈویژن،

ڈینگی سرویلنس پر مامور تمام عملے کی ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں،راشد محمود لنگڑیال

بدھ 3 ستمبر 2014 21:07

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3ستمبر 2014ء) کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی سرویلنس پر مامور تمام عملے کی ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں اور انٹمالوجسٹس کو ہر آٹھ فیلڈ ٹیموں کی تربیت اور مانیٹرنگ پر مامور کیا جائے- انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے اعداد و شمار کا جائزہ بتاتا ہے کہ بارشوں کے اس موسم میں ڈینگی لاروا کی پیدائش ہو سکتی ہے- اس لیے یہ انتظامیہ کے چوکس ہونے اور پورے سال کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو دوگنا کرنے کا موسم ہے- کمشنر لاہور نے ڈی سی او لاہور کو ہدایت کی کہ ایک ہسپتال نے ڈینگی مریض کی اطلاع میں کیوں تاخیر کی وجوہات سامنے لائی جائیں- انہوں نے کہا گھروں کے اندر جانے والی ٹیموں سے ہر صورت مکمل طور پر پانی کی جگہوں اور چھتوں کے معائنہ کی اطمینان بخش رپورٹنگ لی جائے اور گھروں میں موجود ایئرکولرز اور گملوں کو چیک کیا جائے،کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈی سی او شیخوپورہ علی جان، ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری، ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان، اسسٹنٹ کمشنر جنرل عاصمہ غضنفر اور چاروں اضلاع کے محکمہ صحت کے افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :