انسدادڈینگی کے لئے لاہور میں ڈینگی سکواڈز کی تعداد7سے بڑھا کر9کردی گئی

جمعرات 4 ستمبر 2014 15:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 ستمبر۔2014ء ) صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے صوبہ بھر کے افسران ماحولیات کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے اپنے متعلقہ اضلاع میں واقع ٹائرشاپس، کباڑخانوں، نرسریوں اور زیرتعمیر عمارتوں کو خصوصی طور پر چیک کرنے اور اس سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ باتجمعرات کے روز یہاں سیکرٹری ماحولیات کے دفتر میں انسداد ڈینگی کے بارے منعقدہ خصوصی اجلاس صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری ماحولیات اقبال محمد چوہان، ڈائریکٹرجنرل ماحولیات فاروق حمید شیخ اور صوبہ بھر کے ضلعی افسران بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے حوالے سے لاہور میں ڈینگی سکواڈ کی تعداد کو 7سے بڑھا کر 9کردیا گیا ہے جبکہ صوبہ کے تمام بڑے اضلاع میں بھی ڈینگی سکواڈ قائم کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس میں موجود ڈینگی سکواڈ کے سربراہان کو اپنی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور اس سلسلہ میں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے اجلاس میں موجود تمام ضلعی افسران ماحولیات پر زور دیا کہ وہ سیکرٹری ماحولیات کے دفتر سے ڈینگی پر قابو پانے کے بارے میں جاری کئے جانے والے ایس او پی پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں اور لوگوں میں اس مرض بارے آگہی فراہم کرنے کے لئے سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کریں اور پبلک مقامات پر بینرز لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم پی اے صاحبان کی سربراہی میں قائم کردہ خصوصی سکواڈز اور وہ خود بھی مختلف شہروں کے اچانک دورے کریں گے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ڈینگی لاروا پائے جانے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ڈینگی ریگولیشنز کے تحت ان کے خلاف مقدمات درج کروائیں۔پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صوبہ میں موجود تمام وفاقی و صوبائی سطح کے سرکاری دفاتر کو یاددہانی کے خطوط ارسال کئے جائیں کہ وہ اپنے دفاتر میں موجود سٹورزاور گوداموں سمیت تمام جگہوں کو چیک کرکے محکمہ ماحولیات کو رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ چیک کئے جانے پر ڈینگی لاروا پائے جانے کی صورت میں متعلقہ محکموں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سیکرٹری ماحولیات اقبال محمد چوہان نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کھلی جگہوں پر قائم کئے گئے کباڑخانوں کو خاص طور پر چیک کریں اور ڈینگی لاروا پائے جانے کی صورت میں اس جگہ کی فوگنگ اور انسداد ڈینگی سپرے کروا کر سیل کردیں اور ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کروائیں۔

متعلقہ عنوان :