سکرنڈ میں پراسرار بیماری‘ ایک ہی خاندان کے 8 بچے نگل گئی

پیر 8 ستمبر 2014 13:55

سکرنڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر۔2014ء) سکرنڈ میں پراسرار بیماری‘ ایک ہی خاندان کے 8 بچے نگل بیٹھی جبکہ 3 بچے موت کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ اُردو پوائنٹ کے مطابق سکرنڈ شوگر ملز کے ساتھ گوٹھ اسماعیل کولاچی میں ایک پراسرار بیماری گزشتہ کئی دھائیوں سے پھیلتی چلی جارہی ہے‘ مرض کا شکار بچے نچلا دھڑ بے جان‘ ٹانگیں ٹیڑھی‘ سوکھے پن میں مبتلا اور زبان قوت گویائی سے محروم ہونے کے بعد سسک سسک کر جان کی بازی گنوا دیتے ہیں۔

کولاچی خاندان کے 8 بچے اس پراسرار بیماری کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں‘ مرنے والوں میں 4 سالہ ساجد‘ 3 سالہ ظہراں‘ 6 سالہ آمنہ‘ 5 سالہ نادر‘ 10 سالہ نسرین کولاچی‘ 10 سالہ صغراں‘ 14 سالہ نادر شامل ہیں جبکہ 14 سالہ سائرہ ارشاد کولاچی‘ 10 سالہ ایاز کولاچی اور 4 سالہ نادیہ صدیق کولاچی پراسرار بیماری میں چارپائی پر پڑے ایڑیاں رگڑنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاندان کے کفیل جو ایک ہوٹل مزدور ہیں نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر۔2014ء کو بتایا کہ 1988ء میں ہمارا خاندان پیر کولاچی سے روزگار کی تلاش میں سکرنڈ شوگر ملز کے ساتھ آباد ہوا اس دوران ہمارے تمما بچے صحت مند تھے کچھ عرصے بعد پراسرار بیماری نے ہمارے بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 8 بچے سسک سسک کر مرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی عمر بھر کی کمائی ان بچوں کے علاج پر خرچ کر ڈالی جبکہ مہنگا علاج کرانے کی مجھ میں طاقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود محکمہ صحت کے افسران نے چپ سادھ رکھی ہے۔ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری‘ رکن قومی سمبلی فریال تالپور‘ سید غلام مصطفی شاہ‘ بحریہ فاؤنڈیشن کے سربراہ ملک ریاض‘ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سمیت دکھی انسانیت کا درد رکھنے والے سماجی رہنماؤں سے بیماری کے علاج کیلئے مدد کا مطالبہ کیا۔