مغربی افریقی ملک لائبیریا میں جان لیوا ایبولا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے ‘ عالمی ادارہ صحت

منگل 9 ستمبر 2014 13:05

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 ستمبر۔2014ء)عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ مغربی افریقی ملک لائبیریا میں جان لیوا ایبولا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں آئندہ تین ہفتوں میں مزید ہزاروں نئے کیسز سامنے آنے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے کہاکہ وائرس سے نمٹنے کے روایتی طریقے بہت زیادہ موثر ثابت نہیں ہو رہے ہیں۔

مغربی افریقی ممالک گنی، لائبیریا، سیرا لیون اور نائجیریا میں ایبولا وائرس کی زد میں آ کر اس سال اب تک کم سے کم 2100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ڈبلیوایچ او کے مطابق ایبولا وائرس کی وجہ سے مرنے والے 79 افراد طبی کارکن بھی تھے۔ڈبلیوایچ او نے کہاکہ اس بیماری سے لڑنے کے لیے ادارے کی کوششوں کو تین گنا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ادارے نے لائیبریا کی مونٹسریڈو کاوٴنٹی کا ذکر کیا جہاں کم سے کم 1000 بستروں کی ضرورت ہے تاہم ابھی تک بیمار افراد کے وہاں صرف 240 بستر میسر ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو واپس لوٹایا جا رہا ہے۔

لائبیریا میں وائرس کا پھیلاوٴ پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور متاثرہ افراد کو منتقل کرنے کیلئے ٹیکسیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ برطانیہ اور امریکہ نے مغربی افریقہ میں صحت مراکز قائم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔برطانوی فوج کا کہنا ہے کہ وہ سیرالیون کے دارالحکومت کے قریب ایک 50 بستروں کا مرکز قائم کریگی جبکہ امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25 بستروں کا ایک فیلڈ ہسپتال لائبیریا بھیجے گا۔