سیکرٹری صحت نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال وہاڑی میں مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 7نومولود بچوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین پر مشتمل 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

منگل 9 ستمبر 2014 17:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال وہاڑی میں مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 7نومولود بچوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین پر مشتمل 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 24گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔دوسری جانب مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز بھی وہاڑی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جو کہ الگ سے اپنی رپورٹ وزیر اعلی کو پیش کریں گے ۔

سیکرٹری صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں چلڈرن ہسپتال لاہور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ناصر رانا، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سکندر حیات اور محکمہ صحت کے بائیو میڈیکل انجینئر مظہر محمود شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال وہاڑی پہنچ کر افسوسناک واقع کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اپنی رپورٹ 24 گھنٹوں میں سیکرٹری صحت کو پیش کرئے گی ۔

دوسری جانب مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرزاہد پرویز بھی وہاڑی چلے گئے ہیں خواجہ سلمان رفیق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکتوں کے بارے ذاتی طور پر تحقیقات کر کے اور لواحقین سے ملاقات کر کے وزیراعلی پنجاب کو اس واقعہ کے بارے علیحدہ سے رپورٹ پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :