اٹک، ڈینگی وائرس سے بچاوٴ کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اے ڈی سی کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 10 ستمبر 2014 16:08

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء) ڈینگی وائرس سے بچاوٴ کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس زیر صدارت اے ڈی سی کنزہ مرتضیٰ منعقد ہوا۔اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ، ای ڈی او ایجوکیشن، اسسٹنٹ کمشنراٹک سید نذارت، ٹی ایم او اٹک اور دیگر محکموں کے ضلعی سربراہوں نے شرکت کی۔اے ڈی سی اٹک نے اجلاس کو بتایا کہ پندرہ ستمبر تا پندرہ نومبر ڈینگی سیزن ہے اس لیے عوام الناس کو اس موذی وائرس سے بچانے کے لیے گھر گھر آگاہی مہم شروع کی جائے جس میں عوام کو اس وائرس سے بچاوٴ کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے محکمہ ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی بخار سے متعلقہ تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس کے لیے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈ تشکیل دیے جائیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مچھروں کے خاتمے کے لیے سپرے بھی کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ یونین کونسل کی سطح پر ڈینگی وائرس سے بچاوٴ کے لیے آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے اور محکمہ ہیلتھ کی تین ٹیمیں ہر یونین کونسل میں کام کررہی ہیں۔

سیکریٹری یونین کونسل بھی آگاہی مہم میں حصہ لیں گے اور ڈینگی وائرس سے تحفظ سے متعلق حفاظتی تدابیر کے ہینڈ بل لوگوں میں تقسیم کریں گے۔علاوہ ازیں سکولوں اور کالجز میں ڈینگی وائرس آگاہی سیمینار منعقد کیے جارہے ہیں اور جمعہ کی نماز سے قبل مساجد میں علماء کرام بھی اس سے بچاوٴ کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :