عوام کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا تحریک انصاف کے منشور کی بنیادی اکائی ہے،اسدقیصر

بدھ 10 ستمبر 2014 16:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا پاکستان تحریک انصاف کے منشور کی بنیادی اکائی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے صوبائی حکومت نے بجٹ میں صحت کی مد میں خطیر رقم مختص کی ہے جس کے ذریعے صوبے بھر کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جس میں پشاور کے ہسپتال ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کی عیادت کے لئے ایچ ایم سی پشاور کے دورے کے موقع پر کیا ۔

سپیکر اسدقصر کچھ دیر موصوف کے ساتھ رہے اور ان کی صحت سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں مختلف شعبہ جات جس میں کیجولٹی، ہیڈانجری ، مائنر اوٹی ، پرائیویٹ روم اور آئی سی یو شامل ہیں کا دورہ کیا بعد ازاں ہسپتال کی انتظامیہ نے انہیں ہسپتال میں موجودہ سہولیات اور ضروریات سے متعلق بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وہ وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں فوری طور پر میٹنگ رکھیں گے تاکہ اس عمل کو تیز کیا جاسکے انہوں نے انتظامیہ کو یہ بھی یقین دلایا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے چیف پیسکوکو ہدایت جاری کی جائی گی کہ جلداز جلد ہسپتال کو ڈبل ٹرانسمیشن لائن مہیا کی جائے انہوں نے کہا کہ وہ پشاور میں تمام ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کریں گے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ہسپتال میں سہولیات سے متعلق کسی بھی مسئلے کے حل میں ان کی خدمات ہمیشہ حاضر رہیں گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر زاپنی ذمہ داریوں میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتیں گے۔

سپیکر اسد قیصر نے ایچ ایم سی میں ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ صحت کے بنیادی سہولیات عوام کو مہیا کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد لطیف ، ڈی ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر غلام نبی، ڈی ایم ایس پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شیر زمان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :