فیصل آباد ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کا سیلاب زدگان کو کھانے اور ادویات کی فوری فراہمی کا فیصلہ

جمعرات 11 ستمبر 2014 14:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) فیصل آباد ڈویلپمنٹ ٹرسٹ نے چنیوٹ،جھنگ،ہیڈ تریموں،پنڈی بھٹیاں اور حافظ آباد کے سیلاب زدگان کو کھانے اور ادویات کی فوری فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ۔اس مقصد کے لئے ٹرسٹ نے 65لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔سیلاب زدگان کی مدد کے سلسلہ میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کا ایک اہم اجلاس آج یہاں چےئرمین میاں شائق جاوید کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں چےئرمین ٹرسٹ کی تجویز پر فیصلہ کیا گیا کہ اس امدادی پروگرام کے سلسلہ میں پہلے مرحلہ کے دوران چنیوٹ کے سیلاب زدگان کو پکاپکایا کھانا تقسیم کیا جائے گا۔

کھانے کی 25سے 30دیگیں چنیوٹ میں ہی پکوا کر سیلاب زدگان کو تقسیم کی جائیں گی جو کہ ہمارے وہاں پر موجود آدمی تقسیم کروائیں گے اور اس پراسیس میں ضلعی انتظامیہ سے مناسب مدد لی جائے گی۔

(جاری ہے)

بانی چےئرمین ٹرسٹ میاں محمد طیب سیلاب زدگان کو منرل واٹر پینے کا اور صاف فلٹرشدہ پانی ٹینکوں میں فراہم کریں گے اور چنیوٹ میں امدادی آپریشن کے انچارج ہوں گے۔

دوسرے مرحلہ میں سیلاب زدگان کو ٹینٹ،میڈیسن،ڈرائی فروٹ اور پیک شدہ کھانے پینے کا سامان فراہم کیا جائے گا اور یہ سامان ٹرکوں کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔ٹرسٹ کے اجلاس میں وائس چےئرمین شیخ ناظم شہزاد،بانی ٹرسٹی سید عمر نذر شاہ،ٹرسٹی میاں وقاص علی اور عثمان اسحاق بھراڑہ نے شرکت کی اور سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کرنے کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر پنجاب میڈیکل کالج کے شعبہ پیڈیاٹرکس(PEdiATRICS)کی پروفیسر محترمہ حنا عائشہ نے ٹرسٹی صاحبان کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے چلڈرن وارڈ کے سلسلہ میں بریفنگ دی اور بتایا کہ اس چلڈرن وارڈ کو جدید خطوط پراستوار کرنے اور اس وارڈ میں داخل ہونے والے بچوں کو ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ابتدائی طور پر 60لاکھ روپے درکارہوں گے اور انہوں نے اس سلسلہ میں ٹرسٹ سے مالی امداد کی اپیل کی۔

متعلقہ عنوان :