کراچی، مویشی منڈیوں پر سیکیورٹی کیلئے غیر معمولی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان تیار کیا جائے، آئی جی سندھ کی پولیس کو ہدایت

ہفتہ 13 ستمبر 2014 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ سپر ہائی وے مویشی منڈی سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشیوں کی دیگر منڈیوں پر سیکیورٹی کے لئے غیر معمولی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان تیار کیا جائے اور سیکیورٹی کے مجموعی لائحہ عمل وحکمت عملی میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدہ رابطوں کے ساتھ امن وامان کی تمام تر صورتحال کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موثر سیکیورٹی اور ٹریفک اقدامات کے ضمن میں صرف مخصوص کردہ مقامات پر ہی مویشیاں منڈیوں کے قیام کی اجازت دی جائے اور اس ضمن میں زونل ڈسٹرکٹ کی سطح پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپر ہائی وے مویشی منڈی کو جانے والے تمام مرکزی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں کا تھانوں کے لحاظ سے سروے کیا جائے اور جرائم کی مختلف وارداتوں سے متاثرہ علاقوں میں باقاعدہ سرویلنس اور نشاندہی کے تحت چھاپہ مار کارروائیوں کو موثر اور مربوط بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جانوروں کے بیوپاریوں اور خریداروں کی سیکورٹی کیلئے عارضی پولیس پکٹس کے قیام کے علاوہ مویشی منڈی کے لئے مختص کردہ کار/ موٹر سائیکل پارکنگ پر بھی سیکیورٹی اور ٹریفک کے جملہ اقدامات کے علاوہ ریکی نگرانی‘ انٹیلی جینس کلیکسن وشیئرنگ سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ذمہ داریوں کو بھی کنٹی جینسی پلان کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی کنٹی جینسی پلان کے تحت شہر میں پیٹرولنگ‘ اسنیپ چیکنگ‘ پکٹنگ‘ علاقہ ریکی‘ انٹیلی جینس‘ نگرانی پر مامور افسران اور جوانوں کے زونل اور ضلعی وائرلیس کنٹرول رومز‘ مددگار 15 کے مراکز سمیت متعلقہ تھانوں سے مسلسل رابطوں کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں امن وامان کے موثر قیام‘ مختلف علاقوں میں ممکنہ مشکوک ومشتبہ سرگرمیوں وجرائم پیشہ عناصر کی سرویلنس ونگرانی کے ضمن میں سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری کی جانے والی وقتاً فوقتاً ضروری ہدایات پر عمل درآمد کے تمام تر ضروری امور کو بھی کنٹی جینسی پلان میں شامل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :