Live Updates

نارروال، سیلاب متاثرین کو نقصانات کے معاوضہ کی پہلی قسط عید سے پہلے ادا کردی جائیگی،محمد شہباز شریف ،

سیلاب کے باعث ٹوٹنے والے پلوں اور سڑکوں کی عارضی طور پرمرمت کرکے ٹریفک کو بحال کیا جائے، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت،محکمہ صحت سیلاب زدہ علاقے میں پینے کے پانی کا تجزیہ کرائے، عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں

ہفتہ 13 ستمبر 2014 19:36

نارروال، سیلاب متاثرین کو نقصانات کے معاوضہ کی پہلی قسط عید سے پہلے ..

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ان کے نقصانات کے معاوضہ کی پہلی قسط عید سے پہلے ادا کردی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب کی وجہ سے ٹوٹنے والے پلوں اور سڑکوں کی عارضی طور پرمرمت کرکے ٹریفک کو بحال کیا جائے اور بعد میں ان سڑکوں پلوں کی مستقل بنیادوں پر بھی جلد ازجلد تعمیر ومرمت شروع کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی قصبہ چکڑامیں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی دانیال عزیز‘ ممبران صوبائی اسمبلی رانا منان اویس قاسم‘ غیاث احمد‘ خواجہ وسیم اور اقلیتی ممبر اسمبلی رمیش سنگھ اروڑا کے علاوہ ڈی سی او نجف اقبال اور ڈی پی او انعام الحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ 1949 اور 1972 کے سیلاب کے بعد سیلاب کا سب سے بڑا ریلہ اس سال آیاہے جس سے صوبے کے طول وعرض میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔

شکر گڑھ کے عوام خوش قسمت ہیں کہ یہاں پر سیلاب کی شدت کم تھی اور دوسرے علاقوں کی نسبت یہاں کم نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے ہمیں حضور دعا کرنی چاہئے کہ رب ذوالجلال ہمیں آزمائش سے نکالے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ‘ ضلعی انتظامیہ‘ وزیراعظم پاکستان اور وہ خود دن رات سیلاب سے متاثرین بہن بھائیوں کی خدمت میں مصروف ہیں اور حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کی مستقل بنیادوں پربحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں معمول کی زندگی کی بحالی کے لئے انفراسٹرکچر کی بحالی بہت ضروری ہے اس ضمن میں بحالی کے عمل میں ذرائع آمدورفت کی تعمیر ومرمت کو پہلی ترجیح قرار دیاگیاہے۔انہوں نے صلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہونے والے نقصانات کا جلد از جلد سروے مکمل کیا جائے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق متاثرین سیلاب کی بحالی اور امداد کے پروگرام کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے حتمی شکل دی جاسکے۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے محکمہ صحت کو خصوصاً ہدایت کی کہ وہ سیلاب زدہ علاقے میں پینے کے پانی کا تجزیہ کرائیں اور آلودہ پانی کی صورت میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ وزیراعلی پنجاب نے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ عوام نے انہیں ووٹ کی صورت میں اپنی حق نمائندگی دے کر ایک عظیم احسان کیاہے اب یہ ممبران اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس احسان کا بدلہ چکانے کے لئے دن رات سیلاب سے متاثرہ عوام کی خدمت کریں اور انکی بحالی کے کام میں فعال کردا ر ادا کریں۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام میں سماجی کارکنوں‘ ضلعی انتظامیہ‘ ریسکیو1122 اور مسلح افواج کے جوانوں نے جو گرانقدر خدمات انجام دیں ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور عوام ان کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر ڈی سی او نجف اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں سیلاب کا پانی اترنے کے بعد آبادیوں سے پانی نکالنے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور سکولوں اور آبادیوں سے پانی کے نکاس کے لئے دن رات کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام میں اب تک 13 ہزار خوراک کے پیکٹ تقسیم کئے گئے اور ان علاقوں میں جانوروں کو سوفیصد حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جاچکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعفن کے خاتمہ کے لئے سپرے کرایا گیاہے اور ان علاقوں میں آٹھ میڈیکل کیمپ بھی کام کررہے ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات