زرعی سائنسدانوں نے ڈینگی کے خاتمہ کے لیے زہر یلی ادویا ت متعا رف کرا دیں ،جوہڑوں وغیرہ میں کھڑے پانی میں لاروؤں کی تلف کے لیے ٹیمی فاس اور فین تھیان زہریں استعمال کریں‘ ماہرین

اتوار 14 ستمبر 2014 15:08

زرعی سائنسدانوں نے ڈینگی کے خاتمہ کے لیے زہر یلی ادویا ت متعا رف کرا ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2014ء) زرعی سائنسدانوں نے ڈینگی کے خاتمہ کے لیے غیر کیمیائی طریقے وضع کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی زہروں کی نشاندہی کی ہے جن کے استعمال سے ڈینگی مچھروں کا تدارک آسان ہوگیا ہے اور یہ زہریں انسانوں کے لیے ضرررساں بھی نہیں ہیں ۔ گھروں کی چھتوں ، صحنوں اورگلی محلوں میں ڈینگی مچھر کی تلفی کے لیے ڈیلٹا میتھرین اور لیمڈا سائی ہیلوتھرین زہروں کا سپرے کریں۔

جوہڑوں وغیرہ میں کھڑے پانی میں لاروؤں کی تلف کے لیے ٹیمی فاس اور فین تھیان زہریں استعمال کریں۔ شعبہ حشرات ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں گزشتہ 3سالوں سے لاہوراور دیگر اضلاع میں ڈینگی مچھر کے لاروؤں کی افزائش گاہوں کی نشاندہی اور تلفی کی مہم میں اہم کردار ادا کررہی ہیں ،ڈینگیکے پھیلاؤ کا سبب بننے والے مچھروں کی افزائش کوروکنے کے لیے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے آفیسران اور ملازمین اپنے دفاتر اور گھروں میں کھڑے غیر ضروری پانی کوخشک کریں اورماحول کو صاف رکھیں ۔

(جاری ہے)

اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے گھر کی چھت کے اوپر،گھر کے صحن ، گلی اور محلے میں کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔دروازوں ،کھڑکیوں اور روشن دانوں میں جالیاں استعمال کریں۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے ڈینگی ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس تربیتی سیمینار میں ادارہ کے زرعی سائنسدانوں اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ انٹومالوجی کے زرعی سائنسدان پنجاب بھر میں ڈینگی کے خاتمہ کی مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے شہری عوام سے استدعا کی کہ وہ ڈینگی مکاؤ مہم میں شامل ہو کر قومی فریضہ ادا کریں۔

ڈاکٹر فیصل حفیظ اسسٹنٹ انٹومالوجسٹ نے ڈینگی مچھروں کی پہچان ، دوران زندگی اور افزائش نسل کی جگہوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی مچھرگھروں کی چھتوں اورصحن میں موجود کوڑا کرکٹ اور غیر ضروری سامان میں بارش یا ٹینکی کا پانی جمع ہونے سے پھیلتا ہے لہذا گھروں اور اس کے آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں ۔انہوں نے شرکاء کو پیغام دیا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا ہے اور اس کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دینا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھرکے خاتمہ کے لیے بحیثیت قوم صفائی کی عادت اپنانا ہوگی اور اس کی افزائش کو روکنے کے لیے ائیر کولروں ، گملوں ، ٹائروں، پرندوں کے برتنوں ، گھروں کے صحن اور چھتوں پر کھڑے پانی کا خاتمہ کریں کیونکہ ڈینگی مچھر اور وائرس کو پھیلانے کے لیے یہ چیزیں معاون ہوتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :