لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے،

جس سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کی سہولیات میں مزید سہولت کا اضافہ ہوگا

منگل 16 ستمبر 2014 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے جس سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کی سہولیات میں مزید سہولت کا اضافہ ہوگا۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر کاشف انور کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے وفد کے دورہ گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے موقع پر کیا گیا۔

لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے شالامار ہسپتال کے کنوینر حاجی نذیر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ، گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے چیئرمین محسن بلال، ڈائریکٹر اکاؤنٹس اینڈ پراجیکٹس محمد نعیم، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد جاوید، پروفیسر ڈاکٹر نعیم احمد اور ڈاکٹر ہمایوں نے لاہور چیمبر کے وفد کا استقبال کیا اور ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا مقصد لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران اور ملازمین کو صحت کی جدید ترین سہولیات مہیا کرنا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہووے چیئرمین گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال محسن بلال نے کہا کہ ہسپتال لوگوں کو عالمی معیار کے مطابق صحت کی سہولیات مہیا کررہا ہے ، لاہور چیمبر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت سے سہولیات مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور لاہور چیمبر کے ممبران اور ملازمین کو ارزاں مگر جدید ترین صحت کی سہولیات میسر آئیں گی جس سے اْن کا وہ قیمتی سرمایہ بچے گا جو وہ دوسرے اداروں سے طبّی سہولیات کے حصول پر خرچ کرتے ہیں۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ کاشف انور کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے وفد نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :