گوجرانوالہ ،جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ ،بھاری مقدار میں جعلی ادویات برآمد ،

محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ ٹیم نے تین افراد کو گرفتار کرکے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

منگل 16 ستمبر 2014 21:41

گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ ٹیم نے جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں جعلی ادویات برآمد کر لیں جبکہ تین افراد کو گرفتار کرکے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پنجاب ملک محمد فیاض کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ گوجرانوالہ چوہدری محمد فاروق نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ سیالکوٹ محمد لطیف‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اٹک عمر فاروق اور پولیس پارٹی کے ہمراہ حسن ابدال میں ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا اور وہاں سے بڑے پیمانے پر جعلی ادویات دانے دار جو کہ فصل دھان کے لئے استعمال ہونا تھیں قبضہ میں لے لی گئیں بتایاگیا ہے کہ یہ جعلی ادویات کائنٹک انٹرنیشنل ملتان‘ ویل گرو انٹرنیشنل ملتان‘ ٹاپ سٹار ایگروکیمیکلز کراچی‘ ایگر ی کان انٹرنیشنل فیصل آباد اور کیم ایگرو انٹرنیشنل ملتان کے تھیلوں میں پیک کی گئی تھیں چھاپہ کے دوران تیار شدہ جعلی ادویات کے 4925 بیگ برآمد ہوئے اور فیکٹری میں موجود تین آدمیوں کو موقع پر گرفتار کرلیاگیا جبکہ فیکٹری مالکان اور دیگران کے خلاف مقدمہ درج کروا دیاگیاہے۔