80فیصد ڈینگی لاروا روم کولرز سے رپورٹ ہورہاہے، عوام روم کولرز کا پانی خشک کردیں‘ خواجہ سلمان رفیق

بدھ 17 ستمبر 2014 16:25

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء ) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ 80فیصد ڈینگی لاروا روم کولرز سے رپورٹ ہورہاہے، عوام ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے اور اس بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنے گھروں کے روم کولرز خشک کردیں،ڈینگی کی روک تھام کے لیے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبائی محکمے جتنی محنت کررہے ہیں اتنی محنت دنیا میں کم ہی نظر آتی ہے۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان تمام ٹاؤنز کے افسران اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے مریدکے اور فیروز والا میں ڈینگی مچھر کی افزائش اور ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے لہٰذا متعلقہ افسران اور تحصیل انتظامیہ دونوں علاقوں میں انسداد ڈینگی کے اقدامات پر بھرپور توجہ دیں۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16ستمبر کو صرف ایک دن میں21ہزار سے زائد گھروں میں سرویلنس کی گئی اور 119گھروں سے لاروا برآمد ہوا اسی طرح آؤٹ ڈور میں8ہزار سے زائد جگہوں پر ڈینگی سرویلنس کی گئی تو 73جگہوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ ڈی سی او لاہور نے مزید بتایا کہ یکم ستمبر سے 16ستمبر کے دوران ڈینگی ریگولیشنز کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف لوگوں کے خلاف 190مقدمات درج کئے گئے اور 28گرفتاریاں بھی کی گئیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ ڈینگی ایک سوشل پرابلم بھی ہے لہٰذا کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ آن بورڈ لینے کی ضرورت ہے انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران سے کہا کہ ہائی سکولوں اور کالجوں کے طلبا کو ڈینگی بارے آگاہی اور کمیونٹی موبلائزیشن کے لیے سوشل ورک دینے کا پروگرام وضع کیا جائے تاکہ بڑی کلاسوں کے طلبا چند گھنٹوں کے لیے اپنے سکول یا کالج کے ارد گردو نواح میں اپنے اساتذہ کے ساتھ گھر گھر جاکے ڈینگی کے خلاف لوگوں کو متحرک کرسکیں، اجلاس میں لاہور کے تمام ٹاؤنز کے انچارج افسران، کنٹونمنٹ بورڈز کی انتظامیہ ، ای ڈی او صحت لاہور، ڈینگی سرویلنس میں مصروف تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے افسران نے اپنے اپنے ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ رواں سال اب تک ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 61ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 139ریکارڈ کی گئی تھی ۔ ڈاکٹر اسلام ظفر نے مزید بتایا کہ اس وقت میو ہسپتال میں 9اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں ڈینگی بخار کے 4مریض زیر علاج ہیں اور سب مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔

متعلقہ عنوان :