ادویات کی قیمتوں سے متعلق مقدمے میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

جمعرات 18 ستمبر 2014 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء )سپریم کورٹ نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق مقدمے میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔جمعرات کوچیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیاکہ کمپنیاں ادویات کی قیمتوں کا تعین کیسے کرتی ہیں؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ادویہ سازکمپنیاں زیادہ قیمت وصول کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس نے عدالت کو بتایاکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ادویات کی قیمتیں مقرر کرتی ہے تو کمپنیاں عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کرلیتی ہیں، کئی کمپنیوں نے سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناعی لے رکھا ہے۔ جسٹس گلزار نے کہاکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بہت بڑا ادارہ بن چکا ہے، اگر کمپنیوں نے حکم امتناعی لیا تو اتھارٹی نے پھر کیا کیا؟۔

جسٹس ناصرالملک نے کہاکہ آپ نے حکم امتناعی کے خلاف اپیل کیوں دائر نہ کی؟۔ جسٹس امیر ہانی نے کہاکہ کیا ملک میں کوئی ادارہ ہے جس کا مستقل سربراہ ہو؟۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا سربراہ بھی قائم مقام ہے۔ وکیل حفیظ پیرزادہ نے کہا کہ اب اٹھارویں ترمیم کے بعد تو یہ صوبائی معاملہ ہوچکا ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرکے آج (جمعہ کو)طلب کرلیا۔