نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام کے دوران کرین چینی انجینئر پر آن گری سر پر شدید چوٹیں آئیں، چھاتی کے علاوہ جسم کے دیگر حصے کافی حد تک متاثر ہوئے

جمعرات 18 ستمبر 2014 18:46

نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام کے دوران کرین چینی انجینئر پر آن گری سر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام کے دوران کرین چینی انجینئر پر آن گری جس سے اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، چھاتی کے علاوہ جسم کے دیگر حصے کافی حد تک متاثر ہوئے۔ واضح رہے کہ نندی پور پراجیکٹ پر کرین کو چینی ڈرائیور ہی آپریٹ کررہا تھا۔تفصیلات کے مطابق 29 سالہ چینی انجینئر چاؤہی یا Chu hi Ya حسب معمول پراجیکٹ پر کام کروارہا تھا کہ جمعرات کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب اچانک کرین اس پر آگری جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں نے اسے لاہور جنرل ہسپتال ریفر کردیا۔ اسی دوران وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملی تو انہوں نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ کو متاثرہ زخمی کے فوری علاج کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

چینی انجینئر کے جنرل ہسپتال پہنچنے سے قبل وزیراعلی کی طرف سے مقرر کردہ خصوصی ٹیم بھی پہنچ گئی۔

چینی انجینئر چاوٴ ہی کو ساڑھے دس بجے کے قریب لاہور جنرل ہسپتال لایا گیا جہاں وقت ضائع کیے بغیر اسے فوری طور پر آپریشن تھیٹرمیں منتقل کردیا گیا۔ معروف نیورو سرجن پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی چار رکنی ٹیم نے چینی انجینئر کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کی اور آپریشن بھی کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا اور زندگی کی بازی ہار گیا۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چینی انجینئر کو شدید چوٹیں آئیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب لمحہ بہ لمحہ چینی انجینئر کے علاج بارے میں دریافت کرتے رہے اور انہوں نے اس کی زندگی بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی۔