سندھ کے ہسپتالوں کیلئے 195.693 ملین روپے کی لاگت سے 27 ایمبولینسوں کی فراہمی ایمبولینسوں کی فراہمی سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم ہوں گی ، ڈاکٹر صغیر احمد

جمعرات 18 ستمبر 2014 19:19

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ صوبہ کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان میں ادویات ‘ جدید ترین آلات کی فراہمی اور ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 195.693 ملین روپے کی لاگت سے صوبہ کے تمام اضلاع کو جدید آلات سے آراستہ ایمبولینس دیئے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہر ضلع کے لئے ایک ایمبولینس رکھی گئی ہے جس میں سے خیرپور اور تھرپارکر کو یہ ایمبولینس دی جاچکی ہے جبکہ آج کی تقریب میں دیگر اضلاع کو 25 ایمبولینسیں دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کسی بھی معاشرے کے سماجی شعبہ کا نہایت اہم حصہ ہوتا ہے جس پر بھرپور توجہ دے کر عوام کو جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں نجی و سرکاری شعبہ میں موجود ایمبولینسز کوایک نظام کے تحت یکجا کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ صحت کے شعبہ کے لئے رکھے جانے والے فنڈز میں نمایاں اضافے کی ضرورت ہے کیونکہ صوبہ کے ہر ضلع اور تعلقہ میں عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا وسائل کی دستیابی کے بغیر ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں دستیاب سہولیات کا موثر استعمال بھی ایک اہم مسئلہ ہے کیونکہ وسائل کے ہوتے ہوئے بعض اوقات مریض ان سے استفادہ کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلہ پر توجہ دی جارہی ہے اور تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اسپتال کے وارڈز کا باقاعدگی سے دورہ کرکے وہاں موجود وسائل کی مریضوں تک فراہمی کویقینی بنائیں ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی تقریب میں فراہم کی جانے والی ایمبولینسوں کو مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے استعمال کیاجائے گا ۔اس موقع پر سیکریٹری صحت اقبال حسین درانی نے ایمبولینسز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہی فراہم کی ۔ تقریب میں صوبہ بھر سے اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :