جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس متاثرین سیلاب کی طبی امداد کیلئے نارووال پہنچ گئے

جمعہ 19 ستمبر 2014 17:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم متاثرین سیلاب کی طبی امداد کے لیے نارووال پہنچ گئی۔ ٹیم میں میڈیکل، سرجری اور امراض بچگان کے ڈاکٹروں سمیت دیگر طبی عملہ شامل ہے۔ جمعة المبارک کے روز میڈیکل ٹیم کی روانگی کے موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ نارووال جانے والی میڈیکل ٹیم سیلاب سے متاثرہ افراد بالخصوص بچوں کو موسمی و متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے رضاکارانہ طور پر خدمات سرانجام دے گی۔

انہوں نے کہاکہ ٹیم میں شامل طبی عملہ لوگوں میں بیماریوں سے بچاوٴ کے لیے حفاظتی تدابیر اور حفظان صحت کے اصولوں کے بارے میں بھی شعور اجاگر کرے گا۔

(جاری ہے)

پرنسپل پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج نے کہا کہ ایل جی ایچ کے طبی عملے نے 2005ء کے زلزلہ اور 2010کے سیلاب کے دوران بھی اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی تھیں ہمارا طبی عملہ ماضی کی طرح اس سال بھی سیلاب زدگان کی موٴثر طبی معاونت کے لیے میدان عمل میں اتر گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی بالخصوص مخیر اور صاحب ثروت افراد کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مصیبت میں پھنسے افراد کے لیے عطیات دینے میں پاکستانی قوم کسی سے کم نہیں۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بیرون ممالک میں مقیم ڈاکٹر برادری بالخصوص پی جی ایم آئی لاہور کے فارغ التحصیل ڈاکٹروں سے پر زور اپیل کی کہ وہ سیلاب کے متاثرین کے لیے دل کھول کر امداد بھیجیں۔ انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ اس سال عیدالاضحی سادگی سے منائیں اور اپنی بچتیں سیلاب زدگان کو دے کر آخرت کے فوائد سمیٹیں۔

متعلقہ عنوان :