درجہ حرارت برقرار رہا تو ڈینگی لاروا کی افزائش مزید بڑھے گی‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

ہفتہ 20 ستمبر 2014 13:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ہسپتالوں اور جنرل پریکٹشنرز کو بھی ڈینگی مریضوں کے علاج اورکیس مینجمنٹ کی تربیت فراہم کر رہا ہے،تربیتی پروگرام میں شرکت کی دعوت کے باوجود تربیت میں حصہ نہ لینے والے نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز ڈینگی مریض کا علاج نہیں کرسکیں گے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی پیراشرف رسول اور نواز چوہان کے علاوہ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہدپرویز ، سیکرٹری لیبر پنجاب فرحان علی خواجہ، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر معاذ احمد، انچارج چیف منسٹر ڈینگی سیل پروفیسر وسیم اکرم، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی سیکرٹری ڈاکٹر صومیہ اقتدار، ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر اسلام ظفر اور دیگر اداروں کے نمائندگان اور افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ اس وقت ڈینگی سیزن کا سب سے زیادہ لاروا رپورٹ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس بھرپور طریقہ سے جاری ہے۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ صرف 19ستمبر کو ڈینگی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 48مقدمات درج کئے گئے اور 17گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ 5مقامات کو سیل کیاگیا ہے۔ڈینگی ایکسپرٹ ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے اجلاس کو بتایا کہ نجی ہسپتالوں کی جانب سے نہ تو باقاعدہ ڈینگی مریضوں کا ڈیٹا وصول ہورہا ہے اورنہ ہی نجی ہسپتال ڈینگی مریضوں کے علاج اور کیس مینجمنٹ کی تربیتی کورسز میں دعوت کے باوجود اپنے ڈاکٹرز کو ٹریننگ کیلئے بھجوا رہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیرتربیت یافتہ ڈاکٹرز کی طرف سے ڈینگی مریض کے علاج سے کیس خراب بھی ہوسکتا ہے جو مریض کی جان کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ مریضوں کا ڈیٹا نہ بھجوانے والے اور ڈاکٹرز کی ٹریننگ میں حصہ نہ لینے والے نجی ہسپتالوں سے رابطہ کرکے انہیں ڈینگی کے بارے تربیت کیلئے قائل کیاجائے۔اگر کوئی ہسپتال اس کے باوجود اپنے ڈاکٹرز کو تربیت کیلئے نہیں بھیجتا تو وہ ڈینگی مریض کا علاج نہیں کرسکے گا اور اس پر اس سلسلہ میں پابندی لگا دی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے محکمہ اطلاعات کے ایف ایم95 ریڈیو پر روزانہ صبح10 بجے ایک طبی ماہر سامعین کی رہنمائی کیا کرے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسلام ظفر نے اجلاس کو بتایاکہ رواں سال اب تک پنجاب میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 69ہوگئی ہے جبکہ گذشتہ سال 2013ء میں اب تک یہ تعداد 193ہوچکی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں ڈینگی کے 4مریض رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 3کا تعلق راولپنڈی اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 18مریض زیرعلاج ہیں اور تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال ڈینگی بخار سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ اجلاس میں تمام محکموں اور اداروں نے ڈینگی کی روک تھام سے متعلق کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :