سیلاب سے متاثرہ18اضلاع کی 269یونین کونسلوں میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم جاری ہے‘ مشیر صحت

متاثرہ علاقوں میں 144991بچوں کو خسرہ کے ٹیکے ، 169156بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ‘ سلمان رفیق

اتوار 21 ستمبر 2014 15:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حالیہ شدید سیلاب سے 18اضلاع کی 269یونین کونسلیں بری طرح متاثرہ ہوئی ہیں اور محکمہ صحت پنجاب کی 274موبائل میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں وبائی اور متعدی امراض سے بچاؤ کیلئے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 118,129بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے اور 97,231 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاچکے ہیں جبکہ 144991بچوں کو خسرہ ویکسئن کے ٹیکے اور 169,156بچوں کو پولیو ویکسئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں 30ستمبر تک حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مکمل کرلیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں اور میڈیکل ریلیف کیمپوں میں 261,079متاثرین سیلاب کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرچکی ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 11 میڈیکل کالجوں اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کیلئے 16ڈسٹرکٹ میں مصروف عمل ہیں۔

یہ ٹیمیں ای پی آئی کوریج اور میڈیکل ریلیف کی سرگرمیں کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ میڈیکل کالجوں کی ٹیموں میں ایک سپیشلسٹ ڈاکٹر، ایک خاتون ڈاکٹر، ایک سینئر چارج نرس، ایک پیرامیڈکس اور ایک آیا شامل ہے اور مریضوں کو شفٹ کرنے کیلئے ایک ایمبولینس بھی ان کے ہمراہ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ متاثرین کو صاف پانی کی فراہمی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اور محکمہ صحت نے اب تک 9لاکھ 34ہزار ایکواپیورا گولیاں متاثرین سیلاب میں تقسیم کر دی ہیں جو 9ملین لیٹر پانی صاف کرنے کیلئے کافی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کے سٹاک میں 10ملین لیٹر پانی صاف کرنے کیلئے گولیاں موجود ہیں تاہم یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کو مزید 20لاکھ گولیاں فراہم کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ حاملہ خواتین کو بھی حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں اور اب تک 48330خواتین کو تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف تمام متاثرہ علاقوں کے ہنگامی بنیادوں پر دورے کرکے امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور حکومت پنجاب کی تمام مشینری متاثرین سیلاب کو ریلیف اور بحالی کے کاموں میں دن رات مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی اور انہیں وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی پلان آف ایکشن پر عمل کر رہا ہے اور انشاء اللہ ہمارا یہ مشن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔

متعلقہ عنوان :