Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں اتوار کے روز بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا،عوامی دھرنے میں خواتین، بچوں، نوجوانوں، بزرگوں، معذوروں اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، کراچی آمد کے بعد ایئرپورٹ سے جلسہ گاہ تک عمران خان کو جلوس کی شکل میں سخت سیکورٹی میں جلسہ گاہ تک لایا گیا

اتوار 21 ستمبر 2014 21:43

پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں اتوار کے روز بھرپور عوامی طاقت کا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں اتوار کے روز بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا، عوامی دھرنے میں خواتین، بچوں، نوجوانوں، بزرگوں، معذوروں اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”گو نواز گو“،” ایک قوم ایک آواز“، ”گو نواز گو نواز“، ”چاروں صوبوں کی کمان عمران خان عمران خان“،” عمران آگیا، عمران چھاگیا “، ”آگئی تحریک چھاگئی تحریک“، ”ملکی تحریک ہے سب کی تحریک، بس تحریک انصاف عوام کی تحریک“ سمیت دیگر نعرے درج تھے۔

جلسے کے شرکاء نے قومی پرچم، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے چہرے پر پی ٹی آئی کے پرچم کی پینٹنگز کرا رکھی تھیں۔ خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے پی ٹی آئی کے کیپ، ٹی شرٹس، ہینڈ ربن اور عمران خان کی تصاویر والی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد مزار قائد کے اطراف دیواروں اور درختوں پر بھی چڑھی ہوئی تھی اور مسلسل گو نواز گو کے نعرے لگا رہی تھی۔

جلسہ گاہ کا اسٹیج 20 فٹ چوڑا اور 80 فٹ لمبا بنایا گیا تھا۔ اسٹیج پر ایک بڑی اسکرین نصب تھی جو 15 فٹ لمبی اور 40 فٹ چوڑی تھی۔ جلسہ گاہ میں مختلف مقامات پر اسکرینیں بھی نصب کی گئی تھیں جلسہ گاہ میں لوگ اتوار کی دوپہر سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ جلسہ گاہ میں مسلسل پی ٹی آئی کے ترانے بجائے گئے جس پر نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے۔ کراچی آمد کے بعد ایئرپورٹ سے جلسہ گاہ تک عمران خان کو جلوس کی شکل میں سخت سیکورٹی میں جلسہ گاہ تک لایا گیا۔

جلسہ گاہ پہنچنے پر عمران خان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ نوجوان مسلسل ”ایک سونامی ایک طوفان عمران خان، عمران خان، “”کھپے کھپے پاکستان کھپے “کے نعرے لگاتے رہے۔ جلسے کے باعث ایم اے جناح روڈ کو گرومندر سے نمائش تک بند کردیا گیا تھا اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جلسہ گاہ کے اطراف تعینات تھی۔ جلسے میں داخل ہونے والے تمام افراد کو واک تھرو گیٹ سے گزارا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ میں 5لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات