الخدمت فاؤنڈیشن صاف پانی فراہم کرکے صحت مند معاشرہ قائم کرنا چاہتی ہے‘ نعمت اللہ خان

پیر 22 ستمبر 2014 15:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ صاف پانی کی دستیابی معاشرے کا اہم ترین مسئلہ ہے‘ کراچی سمیت ملک بھر میں صاف پانی کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں تاکہ صاف پانی کی ذریعے بیماریوں کے خلاف جہاد کیا جاسکے اور بیماریوں کو شکست دے کر صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرسکیں۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز گلبرگ ٹاؤن میں جامع مسجد قبا بلاک 13 فیڈرل بی ایریا میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور ہیلپ سینٹر کے افتتاح کے بعد خصوصی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان اور سعید عامر موسیٰ امیر گلبرگ زون نے بھی خطاب کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے نیشنل ڈائریکٹر اعجاز اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نعمت اللہ خان نے کہا کہ الخدمت بڑے پیمانے پر کام کررہی ہے اورملک بھر میں صاف پانی کے منصوبوں کو وسعت دیناچاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ان منصوبوں کے لیے اہل خیر افراد کے تعاون کی ضرورت ہے‘ سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں پانی کے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو صاف پانی میسر ہو کیونکہ آلودہ پانی امراض کا باعث بنتا ہے اور اس سے معاشرے میں بیماریاں پھیلتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں‘ ملک بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افرادکو چاہیے کہ وہ نیکی کے کاموں میں الخدمت کا ساتھ دیں۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ اہل کراچی الخدمت فاؤنڈیشن کے منصوبوں میں اس کا ساتھ دیں۔ عامر سعید موسیٰ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات گراں قدر ہیں۔ ہم الخدمت فاؤنڈیشن کی کاوشوں پر اسے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :