یونیسف کے پاکستان میں کنٹری ہیڈڈان رارمین کی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے الوادعی ملاقات

پیر 22 ستمبر 2014 16:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان مین اپنا عرصہ تعیناتی مکمل کر کے واپس جانے والے یونیسف کے کنٹری ہیڈڈان رارمین نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق سے الوادعی ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز بھی موجود تھے۔ یونیسف کے وفد کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر طاہر منظور اور ڈاکٹر مشتاق رانا بھی شامل تھے۔

اس موقع پر ڈان رارمین نے پاکستان میں ڈیڑھ سوسے زائد پولیو کیسز رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت اور محکمہ صحت پولیو کے خاتمہ کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب 9کروڑ سے زائد آبادی والا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود پنجاب میں2پولیس کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور لاہور کے اینوائرمنٹل سیمپل پازیٹو آرہاہے جو ہمارے لیے بھی باعث تشویش ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لیے پورے ملک میں یکساں کوششوں کی ضرورت ہے کوئی ایک صوبہ اس مسئلہ پر تنہا قابو نہیں پاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں خاندانوں کی روزانہ آمدورفت ہوتی ہے جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں پولیو کے درجنوں کیس ہوچکے ہیں اور وائرس پورے ملک میں مسلسل پھیل رہاہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب میں صحت کے شعبہ کی ترقی اور بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام خصوصاً سیلابی علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرنے پر یونیسف کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :