جعلی و غیر معیاری ادویات بنانے ، فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن فوری شروع کرنے کا فیصلہ

پیر 22 ستمبر 2014 17:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان فیق نے جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کر دی ، انہوں نے محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹرزکو متحرک کرنے اور مکرو دھندے کے بارے خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے مضبوط نیٹ ورک بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ ہدایات آج سول سیکرٹریٹ میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے کاروبار کے خاتمہ کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، ای ڈی او ہیلتھ، چیف ڈرگ کنٹرولر ایاز علی خان، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے ہدایت کی کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف 24گھنٹے کے اندر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے اور اس سلسلہ میں اقدامات آن گراؤنڈ نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں فوری طور پر محکمہ صحت سول سیکرٹریٹ اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے آفس میں ٹال فری فون انسٹال کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہدایت کی تمام اخبارات میں فوری طورپر اشتہارات شائع کروائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹال فری فون نمبر پر ایسے مکروہ دھندے کے بارے اطلاع دینے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے۔ انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ لاہور کو ہدایت کی کہ آپریشن کا آغاز لاہور سے کیا جائے اور وہ اس سلسلہ میں ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر فوری پلان ترتیب دے کر پیش کریں۔ سیکرٹری صحت نے تمام اضلاع کے ڈرگ انسپکٹرز کو متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جعلی و غیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن میں سستی یا کوتاہی برتنے والے ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت گزشتہ کئی سالوں سے جعلی ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے اس سلسلہ میں کافی کامیابی حاصل کی ہے تاہم اس سلسلہ میں مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ریڈ پارٹیوں کی سکیورٹی کے لیے آئی جی پنجاب سے پولیس کے جوانوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بھرپور طریقہ سے کریک ڈاؤن شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی واضح ہدایات ہیں کہ ان کی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔