ادویات کی قیمتوں میں200فیصد اضافہ غریب مریضوں کا استحصال ہے‘ عثمان شفیق

منگل 23 ستمبر 2014 16:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) )پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما و لیبرونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر حافظ عثمان شفیق نے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں 200فیصد اضافہ غریب مریضوں کا استحصال ہے ،ملک بھر کی دوا ساز کمپنیوں نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر ہی جان بچانے والی ادویات سمیت روزمرہ عام استعمال کی ادویات کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافہ کردیا ہے جس سے ملک بھر میں غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں پسے ہوئے عوام پر مہنگائی کا ایک بم گرا ہے ۔

ایک بیان میں حافظ عثمان شفیق نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جانے بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں خوفناک اضافے پر از خود نوٹس خوش آئند ہے۔عدالت عظمیٰ پرانی قیمتیں بحال کرنے کی ہدایات جاری کرکے غریب مریضوں کی دعائیں لے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوران سماعت سپریم کورٹ کے یہ ریمارکس کہ"ایک روپیہ والی گولی کی قیمت ایک ہزار روپے کیوں مقرر کی جاتی ہے"قابل فکر اور حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں حکومت کے ماتحت ادارہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اگر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دیتی تو ایسی صورتحال رونما نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں ہمسایہ ممالک کی نسبت پاکستان میں بے تحاشا مہنگی ادویات فراہم کر رہی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف اقدامات کی بجائے ادویات کی قیمتیں مناسب سطح پر لانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ غریب اور سفید پوش مریض مہنگائی کے اس دور میں سکون کا سانس لے سکے۔

متعلقہ عنوان :