سندھ میں صحت کے شعبے میں خدمات کو بہتر بنانے سمیت دیگر امور پر غور و خوض

منگل 23 ستمبر 2014 16:19

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) سندھ ہیلتھ ایڈ وائزری بورڈ کا ایک اجلاس بورڈ کے چیئرمین اور پارلیمانی امور‘ ماحولیات و ساحلی ترقی کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ ‘ سیکریٹری صحت سندھ اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس میں سندھ میں صحت کے شعبے میں خدمات کو بہتر بنانے اور سرکاری ہسپتالوں کو علاج معالجہ ‘ ادویات اور آلات کی بہتر فراہمی کے لئے صحت کے شعبے میں خدمات کے حوالے سے مقبولیت رکھنے والے نجی اداروں کے ساتھ قابل عمل شراکت ممکن بنانے پر غور و خوض کیا گیا ۔

اس موقع پر ضلع بدین میں تحصیل ہسپتال ٹنڈو باگو اور میرپور ساکرو میں بنیادی صحت مرکز میں علاج معالجے ‘ ادویات اور آلات کی فراہمی کے لئے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے ساتھ شراکت کار کی منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

جبکہ امن فاؤنڈیشن کے ساتھ ان علاقوں میں موبائل ایمبولینس سروس جو کہ ڈاکٹروں اور علاج معالجے کی دیگر سہولیات سے لیس ہوگی کے لئے اشتراک عمل کی بھی منظوری دی گئی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں آغا خان یونیورسٹی ہسپتال اور امن فاؤنڈیشن کے ساتھ ضوابط کار (Terms & Conditions) طے کرلی گئی ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں کام کے حوالے سے معتبر نجی اداروں کو صوبے کے غریب عوام کی خدمت کے لئے حکومت کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے آگے بڑھ کر کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے کے غریب عوام کو علاج معالجے کی اچھی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :