ڈینگی کا پیک سیزن ہے، تمام محکمے انسداد ڈینگی کے اقدامات جاری رکھیں‘ خواجہ سلمان رفیق

بدھ 24 ستمبر 2014 14:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ اس وقت ڈینگی کی افزائش کا پیک سیزن ہے جس کے دوران تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو انسداد ڈینگی کیلئے اپنے اقدامات بھرپور طریقہ سے جاری رکھنا ہوں گے،تمام محکموں اور اداروں کی دن رات کی محنت کی وجہ سے رواں سال اب تک ڈینگی کی صورتحال گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اراکین پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول، کرن ڈار، چوہدری اکرم، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ (ویکٹر بارن ڈیریز) ڈاکٹر اسلام ظفر، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر معاذ احمد، پروفیسر وسیم اکرم، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران، ای ڈی او ہیلتھ لاہور، ای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ، سپیشل برانچ ، پی آئی ٹی بی ، واسا، سالڈویسٹ مینجمنٹ، پی ایچ اے اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ تمام ٹاؤنز میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں اور یونین یونین کونسل کی سطح پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں جبکہ ڈینگی سکواڈ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی منظوری سے مزید 2ہزار اہلکار بھرتی کر لئے گئے ہیں جن کی تنخواہوں کی مد میں 12کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

ڈی سی او نے مزید کہا کہ رواں ماہ اب تک ڈینگی ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر 601لوگوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، 263گرفتاریاں ہوئیں اور درجنوں مقامات کو سیل کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 88کنفرم مریض رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے لاہور میں 27، راولپنڈی میں 28اور شیخوپورہ میں 24مریض رپورٹ ہوئے۔خواجہ سلمان رفیق نے تحصیل فیروز والا سے ڈینگی مریضوں کی مسلسل رپورٹنگ اور بڑی تعداد میں ڈینگی لاروا ملنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ فیروز والا میں ڈینگی سویپنگ کی جائے اور جہاں تک ممکن ہوسکے میدانوں میں جمع شدہ پانی نکالا جائے یا پھر اس کی بائیولوجیکل اور کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جائے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس وقت تمام یونین کونسلوں اور ٹاؤنز سے ڈینگی لاروا بڑے پیمانے پر رپورٹ ہو رہاہے لہٰذا ڈینگی سرویلنس کے ساتھ فوری طور پر کیس رسپانس اور لاروی سائیڈنگ پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ ڈینگی لاروا مچھر میں تبدیل نہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :