گنی ، لائبیریا اور سیئر الیون میں ایبولا وائرس تیزی کیساتھ بڑھ رہا ہے ،آئندہ چند ماہ میں لاکھوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، باراک اوباما

جمعہ 26 ستمبر 2014 15:31

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء) امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ گنی ، لائبیریا اور سیئر الیون میں ایبولا وائرس تیزی کیساتھ بڑھ رہا ہے جس کے باعث آئندہ چند ماہ میں لاکھوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایبولا کے موضوع پر ہونیوالے خصوصی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ یہ مسئلہ صحت کے بحران سے بھی بڑی سطح کا معاملہ ہے انہوں نے کہا کہ متاثرہ ممالک میں صحت عامہ کے نظام ناکافی پڑ چکے ہیں اْنھوں نے کہا کہ ایسے مرد و خواتین جو متاثرین کی تیمارداری کرتے ہیں، خود اْن کی دیکھ بھال کیلئے بستروں، رسد اور ہیلتھ کیئر سے متعلق کارکن درکار ہیں۔

صدر اوباما نے کہا کہ ایبولا وائرس سے متاثرہ گِنی، سیئرا لیون اور لائبیریا کے افریقی ملکوں میں بیماری سے بچاوٴ کے سلسلے میں کثیر رْخی انتظامات کیلئے امریکہ رقوم فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس تیز رفتاری سے یہ مرض پھیل رہا ہے، اس سے نبردآزما ہونے کی کوششیں اتنی تیزی سے نہیں کی جا رہیں۔ اْنھوں نے کہا کہ میدان میں موجود ہر تنظیم بڑھ چڑھ کر بچاوٴ اور تحفظ کے کام میں اپنا ’مستقل حصہ ڈالے تاکہ خاطرخواہ نتائج برآمد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں موت یقینی ہوجاتی ہے، لیکن بین الاقوامی کوششیں یہ استعداد رکھتی ہیں کہ ہم اس بات کی کوشش کریں کی اِن میں سے بہت سے لوگ موت کے مونہہ میں جانے سے بچ جائیں ۔عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس بیماری کے نتیجے میں اب تک تقریباً 3000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس سے تین ممالک، گِنی، سیئرا لیون اور لائبیریا بْری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ادارے کا کہنا ہے کہ سیئرالیون اور اس کے دارالحکومت فری ٹاوٴن کے علاوہ لائبیریا کے دارالحکومت مونروویا میں صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :